کولکاتا: مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے منگل کو دعویٰ کیا کہ ریاست کی سابقہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) حکومت کی پالیسیوں کے باعث کولکاتا کا یورپ سے براہِ راست فضائی رابطہ ختم ہوگیا اور ریاست پر بھاری قرض کا بوجھ بڑھ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت مرکزی حکومت کے تعاون سے ریاست کے ٹرانسپورٹ ڈھانچے میں بڑی تبدیلی لائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ٹرانسپورٹ بھون-2 سے 50 ایئر کنڈیشنڈ بسوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کولکاتا میں واٹر میٹرو شروع کرے گی، میٹرو ریل نیٹ ورک کو شہر سے باہر تک وسعت دے گی، الیکٹرک بسوں کے لیے چارجنگ اسٹیشن قائم کرے گی اور کلیانی میں گرین فیلڈ ہوائی اڈہ بھی تعمیر کرے گی۔
اس موقع پر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ارجن سنگھ اور چیف سکریٹری منوج کمار اگروال بھی موجود تھے۔ شبھیندو ادھیکاری نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومت ہوابازی کے شعبے کو مضبوط بنانے میں ناکام رہی، جس کے نتیجے میں ریاست سے چلنے والی کئی بین الاقوامی پروازیں بند ہوگئیں۔
انہوں نے کہا، ’’کولکاتا کا بیشتر یورپی ممالک سے براہِ راست فضائی رابطہ تھا، لیکن سابقہ حکومت کے دور میں ان میں سے زیادہ تر روٹس بند ہوگئے۔ اس وقت لندن سمیت کسی بھی یورپی شہر کے لیے کولکاتا سے براہِ راست پرواز دستیاب نہیں ہے۔‘‘