سی جے آئی سوریہ کانت نے عدالتی کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-01-2026
سی جے آئی سوریہ کانت نے عدالتی کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا
سی جے آئی سوریہ کانت نے عدالتی کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا

 



چندولی (اتر پردیش): اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز کہا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مضبوط عدلیہ نہایت ضروری ہے۔ بھارت کے چیف جسٹس (سی جے آئی) سوریہ کانت نے چندولی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں چندولی، مہوبا، امیٹھی، شاملی، ہاتھرس اور اوریہ اضلاع کے مربوط عدالتی احاطوں (انٹیگریٹڈ کورٹ کمپلیکس) کا سنگِ بنیاد رکھا۔

وزیر اعلیٰ نے چیف جسٹس اور دیگر معزز جج صاحبان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں عدلیہ کے ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اتر پردیش حکومت کے پاس جب بھی عدالتی نظام سے متعلق کوئی کام آتا ہے تو اسے مکمل کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی جاتی۔ ہمیں عدالتی سہولیات کو مزید مضبوط بنانے میں کوئی کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔ اتر پردیش اس سمت میں بہت آگے بڑھ چکا ہے۔"

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ چھ اضلاع عدلیہ کے دائرۂ کار میں توسیع کے لیے ایک "پائلٹ پروجیکٹ" کے طور پر کام کریں گے، جس کا مقصد یہ ہے کہ انصاف ہر شہری تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا، "آج وسائل کی کمی نہیں ہے، کمی اگر ہے تو صرف عزم اور ارادے کی ہے۔ مضبوط عزم کے ساتھ کام کیجیے، حکومت آپ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔"

حکام کے مطابق، ان عدالتی احاطوں کی تعمیر پر تقریباً 1500 کروڑ روپے خرچ ہونے کا امکان ہے۔ چندولی میں تعمیر ہونے والے عدالتی کمپلیکس کی لاگت تقریباً 236 کروڑ روپے ہوگی، جس میں 37 عدالتیں، وکلا کے چیمبر، عدالتی افسران کے لیے رہائشی سہولیات اور ضلع جج کی رہائش شامل ہوگی۔ اس منصوبے کے اپریل 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے یاد دلایا کہ ایک دورے کے دوران چیف جسٹس سوریہ کانت نے اس بات پر زور دیا تھا کہ انصاف کو ہر شہری تک آسانی سے پہنچانے کے لیے ایسے ماڈلز تیار کیے جائیں جو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے اتر پردیش کے 10 اضلاع میں عدالتی احاطوں کی تعمیر کے لیے تعاون اور منظوری دینے پر الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ باقی چار اضلاع میں عدالتوں کے قیام کے لیے ضروری کارروائی جلد شروع کی جائے گی۔ اس سے قبل، الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس ارون بھنسالی نے چیف جسٹس سوریہ کانت کو یادگاری نشان پیش کر کے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس پنکج متھل سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔