نئی دہلی: این سی ای آر ٹی کی آٹھویں جماعت کی کتاب کے متنازعہ حصے پر سپریم کورٹ نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ کتاب میں شامل باب ’’عدلیہ میں بدعنوانی‘‘ سے متعلق تنازع پر چیف جسٹس سوریکانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وِپُل پنچولی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔
چیف جسٹس نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں این سی ای آر ٹی کی جانب سے معافی مانگنا کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کتاب بچوں تک پہنچنے دینا غلط ہوگا اور عدلیہ کے وقار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے تعلیم کے سیکریٹری اور این سی ای آر ٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عدالت مطمئن نہیں ہو جاتی، سماعت جاری رہے گی۔
سماعت کے دوران این سی ای آر ٹی نے کہا کہ وہ غیر مشروط معافی مانگنے کو تیار ہے اور کتاب سے متنازعہ حصہ ہٹا دیا جائے گا۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ صرف معافی مانگ لینا اور قابلِ اعتراض مواد کو ہٹا دینا کافی نہیں ہے، بلکہ این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر کو وجہ بتانی ہوگی۔ یہ ایک سوچا سمجھا قدم معلوم ہوتا ہے۔
عدالت نے سوال اٹھایا کہ اس معاملے کو توہینِ عدالت کیوں نہ سمجھا جائے؟ چیف جسٹس سوریکانت نے آن لائن دستیاب نقول کو بھی فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی۔ بدھ کے روز سینئر وکلا کپل سبل، ابھیشیک منو سنگھوی اور مکل روہتگی نے یہ معاملہ چیف جسٹس کے سامنے اٹھایا تھا۔ اس کے بعد چیف جسٹس جسٹس سوریکانت نے این سی ای آر ٹی کی کتاب میں ’’عدلیہ میں بدعنوانی‘‘ کے باب پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی عدلیہ کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا، ’’ادارے کا سربراہ ہونے کے ناطے میں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔ میں کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دوں گا کہ وہ عدلیہ کو بدنام کرے۔ کسی بھی قیمت پر اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔ قانون اپنا کام کرے گا۔ میں جانتا ہوں کہ اس سے کیسے نمٹا جاتا ہے۔ میں ازخود نوٹس لے رہا ہوں۔‘
‘ درحقیقت این سی ای آر ٹی نے 24 فروری کو آٹھویں جماعت کی سماجی علوم کی نئی کتاب جاری کی تھی، مگر اس کے ایک باب میں ’’عدلیہ میں بدعنوانی‘‘ کے عنوان سے ایک حصہ شامل تھا۔ سپریم کورٹ کی سخت ریمارکس کے بعد این سی ای آر ٹی (قومی تعلیمی تحقیق و تربیت کونسل) نے معافی مانگ لی ہے اور متنازعہ باب والی کتاب کی تقسیم پر روک لگا دی ہے۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی نے فوری ہدایت جاری کی کہ اگلے حکم تک اس کتاب کی تقسیم روک دی جائے۔ این سی ای آر ٹی نے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے کتاب کی فراہمی معطل کر دی ہے۔ ایک بیان میں این سی ای آر ٹی نے تسلیم کیا کہ یہ غلطی غیر ارادی طور پر ہوئی اور کسی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
اب اس باب کو دوبارہ تحریر کیا جائے گا اور متعلقہ حکام سے مشورہ لیا جائے گا۔ نظرِ ثانی شدہ کتاب تعلیمی سال 2026-27 کے آغاز میں طلبہ کو فراہم کی جائے گی۔ این سی ای آر ٹی نے اس غلطی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی ہے اور یقین دلایا ہے کہ آئندہ ایسی غلطی نہیں ہوگی۔