سی جے آئی سپریم کورٹ کے دیگر ججوں سے سینئر نہیں ہے: جسٹس بی آر گوائی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-08-2025
سی جے آئی سپریم کورٹ کے دیگر ججوں سے سینئر نہیں ہے: جسٹس بی آر گوائی
سی جے آئی سپریم کورٹ کے دیگر ججوں سے سینئر نہیں ہے: جسٹس بی آر گوائی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک کی سب سے بڑی عدالت کے چیف جسٹس بی آر گوائی نے منگل کے روز سپریم کورٹ کے دیگر ججوں کے بارے میں ایک اہم بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی جے آئی، سپریم کورٹ کے دیگر ججوں سے نہ تو سینئر ہیں اور نہ ہی برتر۔ انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب ان کی سربراہی والی تین رکنی بینچ ای ڈی کی جانب سے "رتو چھابڑیا بنام ہندوستان یونین و دیگر" معاملے میں عدالت کے 26 اپریل 2023 کے فیصلے کو واپس لینے کی درخواست پر غور کر رہی تھی۔
ای ڈی سے جڑے اس معاملے میں سی جے آئی بی آر گوائی کی سربراہی والی بینچ میں جسٹس وِنود چندرن اور جسٹس این۔وی۔انجاریا بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ ریٹائرڈ جسٹس کرشن مراری اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی دو رکنی بینچ نے اپنے 2023 کے فیصلے میں تفتیشی ایجنسیوں کی اس "روش" کی مذمت کی تھی کہ وہ تفتیش مکمل ہونے سے پہلے ہی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دیتی ہیں تاکہ ملزم کو ڈیفالٹ ضمانت سے محروم کیا جا سکے۔
ضمانت کے حق کی بات
سپریم کورٹ کی اس بینچ نے کہا تھا کہ ایسے معاملات میں بھی ملزم کے ڈیفالٹ ضمانت کے حق کو ختم نہیں کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ماتحت عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات میں گرفتاری کی تاریخ سے 60 دن کے اندر اور سیشن عدالت میں 90 دن کے اندر چارج شیٹ داخل کرنا ضروری ہے۔ اگر اس مدت میں چارج شیٹ داخل نہ ہو تو ملزم کو ڈیفالٹ ضمانت کا حق حاصل ہو جاتا ہے۔
ایجنسی نے کیا تھا سپریم کورٹ کا رُخ
۔26 اپریل کے فیصلے کے چند دن بعد ای ڈی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور اُس وقت کے چیف جسٹس ڈی۔وائی۔چندرچوڑ کی سربراہی والی بینچ کو بتایا کہ دہلی ہائی کورٹ نے رتو چھابڑیا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر اس کے زیرِ تفتیش ایک کیس میں ملزم کو ضمانت دے دی ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ اس فیصلے کے ملک گیر اثرات مرتب ہوں گے۔
سی جے آئی گوائی نے کیوں ظاہر کی ناراضگی
اس معاملے میں چیف جسٹس گوائی نے ایک جج والی بینچ پر ناراضگی ظاہر کی، چاہے وہ بینچ چیف جسٹس کی سربراہی میں ہی کیوں نہ ہو، جو سپریم کورٹ کی کسی اور بینچ کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی سماعت کرتی ہے۔ سی جے آئی گوائی نے کہا کہ جب اس عدالت کے دو ججوں کی بینچ کوئی ریلیف دیتی ہے، تو کیا کوئی اور بینچ، صرف اس لیے کہ وہ بھی عدالت نمبر 1 میں برابر کی حیثیت سے بیٹھتی ہے، اس فیصلے پر اپیل سن سکتی ہے؟
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم عدالتی وقار اور عدالتی نظم و ضبط پر یقین رکھتے ہیں۔ اگر ہم ایسا کرنے کی اجازت دیتے رہیں، تو ایک بینچ صرف اس لیے کہ اسے کسی فیصلے سے اتفاق نہیں، دوسری بینچ کے فیصلے میں مداخلت کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے چیف جسٹس دیگر ججوں سے برتر نہیں ہیں۔ وہ صرف ججوں میں پہلے ہیں۔ چیف جسٹس، اس عدالت کے باقی تمام ججوں کی طرح ہی عدالتی اختیارات استعمال کرتے ہیں۔
ای ڈی کے وکیل نے کیا کہا؟
ای ڈی کی جانب سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے تین رکنی بینچ کو بتایا کہ جس کیس میں 26 اپریل کو فیصلہ آیا تھا، اس میں درخواست گزار نے عدالت کے دائرہ اختیار کا غلط استعمال کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں ایک خاتون نے درخواست دائر کی کہ اس کا شوہر جیل میں ہے اور اسے اپنے شوہر کو گھر کا کھانا بھیجنے کی اجازت دی جائے۔ اس کے بعد موجودہ درخواست گزار (26 اپریل والے کیس میں) نے بھی ایسی ہی درخواست دی کہ "میرے شوہر بھی جیل میں ہیں، مجھے بھی انہیں گھر کا کھانا دینے کی اجازت دی جائے۔
درخواست گزار نے مزید بتایا کہ ایسی ہی ایک درخواست ایک خصوصی بینچ کے سامنے زیرِ غور ہے اور دونوں معاملات ایک ساتھ درج ہیں، اس لیے پہلی درخواست غیر متعلق ہو گئی۔ اس کے بعد دوسری درخواست میں ایک عبوری درخواست (آئی اے ) دی گئی، جس میں بنیادی مطالبہ گھر کا کھانا دینے کا تھا۔ اس میں کہا گیا کہ چارج شیٹ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173(8) کے تحت داخل کی گئی ہے، یعنی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
فیصلہ کئی بینچوں کے برعکس
سالیسٹر جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ کی بینچ کا یہ ماننا ہے کہ اگر آپ دفعہ 173(8) کے تحت چارج شیٹ داخل کرتے ہیں، تو آپ کو ڈیفالٹ ضمانت ملے گی کیونکہ یہ ایک نامکمل چارج شیٹ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کئی بڑی بینچوں کے فیصلوں کے خلاف ہے۔ مزید کہا کہ اس کے بعد پورے ہندوستان میں، لوگ دفعہ 173(8) کے تحت چارج شیٹ آتے ہی ڈیفالٹ ضمانت کی درخواستیں دینے لگے۔
مدعا علیہان کے وکیل نے وضاحت مانگی کہ گھر کا کھانا دینے کی اجازت والی رٹ درخواست میں ڈیفالٹ ضمانت کی درخواست، کیس کی پہلی سماعت سے پہلے ہی دی گئی تھی۔ پہلی ہی سماعت میں درخواست قبول کی گئی اور رٹ میں نوٹس جاری کیا گیا۔ سالیسٹر جنرل نے کہا کہ اگر عدالت یادداشتِ نظرثانی پر غور نہیں کرنا چاہتی، تو کم از کم دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف ای ڈی کی خصوصی اجازت کی درخواست  پر غور کر کے قانون واضح کر سکتی ہے۔