نئی دہلی/ آواز دی وائس
اگر آپ کرسمس یا نئے سال کے موقع پر گھر جانے یا کہیں چھٹیاں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کے لیے خوشخبری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی ریلوے نے کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے دوران مسافروں کی اضافی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے پورے ملک میں 244 خصوصی ٹرین ٹرپس نوٹیفائی کیے ہیں۔
وزارتِ ریلوے نے ایک بیان میں کہا کہ کرسمس اور نیو ایئر 2025-26 کے دوران مسافر ٹریفک میں اضافے کو منظم کرنے کے لیے ہندوستانی ریلوے نے آٹھ زونز میں خصوصی ٹرینوں کے بڑے آپریشن کا منصوبہ بنایا ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 244 ٹرپس نوٹیفائی کی جا چکی ہیں۔ آنے والے دنوں میں مزید ٹرپس بھی نوٹیفائی کی جائیں گی۔
کرسمس 2025 اور نیو ایئر 2026 کے لیے خصوصی ٹرینیں
ممبئی گوا (کونکن) کوریڈور پر، ممبئی سی ایس ایم ٹی / ایل ٹی ٹی اور کرمالی / مڈگاؤں کے درمیان روزانہ اور ہفتہ وار خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ اسی طرح ممبئی ناگپور، پونے سانگانیئر اور مہاراشٹر کے دیگر روٹس پر خصوصی سروسز مسافروں کو باقاعدہ ٹرینوں کی بھیڑ سے بچانے کے ساتھ ساتھ تہواروں کے دوران سفر کے آسان متبادل فراہم کر رہی ہیں۔
شمالی اور مشرقی ہندوستان میں دہلی، ہاوڑہ، لکھنؤ اور آس پاس کے شہروں کو جوڑنے والے مصروف کوریڈورز پر بھی خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، تاکہ گھر یا سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے طویل فاصلے کے مسافروں کو سہولت مل سکے۔ جنوبی اور وسطی علاقوں میں حیدرآباد، بنگلورو، منگلورو اور دیگر شہروں کو جوڑنے والی اضافی سروسز اس مصروف مدت کے دوران مسافروں کے لیے آسان اور سہل سفر کو یقینی بنا رہی ہیں۔ ان میں سی ایس ایم ٹی کرمالی، ایل ٹی ٹی ترواننت پورم، پونے سانگانیئر اور سی ایس ایم ٹی ناگپور جیسے روٹس شامل ہیں۔
ان خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ہندوستانی ریلوے زیادہ گنجائش، آرام اور سہولت فراہم کر رہا ہے، جس سے مسافر بغیر کسی سفری پریشانی کے کرسمس اور نیا سال 2026 منا سکیں گے۔