بیجنگ/ آواز دی وائس
چین کے صدر شی جن پنگ نے جمعہ کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو پیغام بھیج کر احمد آباد میں طیارہ حادثے کے سبب ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ جمعرات کو لندن جا رہا ایئر انڈیا کا ایک طیارہ احمد آباد میں ایک میڈیکل کالج کے احاطے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 265 افراد ہلاک ہو گئے۔
صدر مرمو اور وزیر اعظم مودی کو بھیجے گئے پیغام میں شی جن پنگ نے حادثے میں بڑی تعداد میں اموات پر افسوس ظاہر کیا۔
شی جن پنگ نے چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے جانی و مالی نقصان پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا، زخمیوں اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
چین کے وزیر اعظم لی کیانگ نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو تعزیتی پیغام بھیجا۔
جمعرات کو ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 171 جو 242 مسافروں اور عملے کے ساتھ لندن جا رہی تھی، احمد آباد ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی منٹ بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔ ہلاک شدگان میں 241 مسافر اور میڈیکل کالج کے وہ 24 افراد شامل ہیں، جس پر طیارہ گرا۔
اے آئی 171 میں 169 ہندوستانی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور سات پرتگالی شہریوں کے ساتھ عملے کے 12 افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں ایک ہندوستانی نژاد برطانوی شہری زندہ بچ گیا۔
شی جن پنگ نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کو بھی الگ تعزیتی پیغام بھیجا، جس میں برطانوی شہریوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔