این ایس اے اجیت ڈوبھال سے ملاقات کریں گے چینی وزیرخارجہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-08-2025
این ایس اے اجیت ڈوبھال سے ملاقات کریں گے چینی وزیرخارجہ
این ایس اے اجیت ڈوبھال سے ملاقات کریں گے چینی وزیرخارجہ

 



نئی دہلی: امریکی ٹیرف کے بعد ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں پچھلے چند دنوں سے تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اگلے ہفتے ہندوستان کے دورے پر آئیں گے اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کریں گے۔ ان کا یہ دورہ بین الاقوامی سفارت کاری میں تبدیلی کی طرف ایک بڑے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اگلے ہفتے جہاں چینی وزیر خارجہ ہندوستان آئیں گے، وہیں وزیر خارجہ ایس جے شنکر 21 اگست کو روس کے دورے پر جائیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ہندوستان، روس سے خام تیل خریدنا بند کرے۔ اس پر ہندوستان کی جانب سے سخت جواب ملنے کے بعد امریکہ نے پاکستان کو اپنے قریب کر لیا۔ ایسے میں چین اور ہندوستان جیسی دو بڑی طاقتوں کا قریب آنا امریکہ کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

ہندوستان، روس اور چین کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے میں مصروف ہے، اسی لیے یہ قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ اگلے ہفتے دہلی سے کوئی بڑا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔ ہندوستان اور چین کی افواج کے درمیان سال 2020 میں لداخ کے گلوان میں ہونے والی پرتشدد جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی۔

وزیر اعظم نریندر مودی شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین جائیں گے۔ اس دوران روس بھی وہاں موجود ہوگا۔ چین 31 اگست سے یکم ستمبر تک تیانجن میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ہندوستان ایک بہت بڑی منڈی ہے اور یہی وجہ ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات معمول پر آنے سے امریکہ میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی آخری بار جون 2018 میں ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین گئے تھے۔ چینی صدر شی جن پنگ اکتوبر 2019 میں دوسرے غیر رسمی سربراہی اجلاس کے لیے ہندوستان کے دورے پر آئے تھے۔

ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان پر اضافی 25 فیصد ٹیرف لگانے کے ایک دن بعد اجیت ڈوبھال نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور آئندہ قیادت کی سطح کے اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پچھلے ہفتے این ایس اے اجیت ڈوبھال نے کہا تھا کہ صدر پوتن جلد ہی ہندوستان کا دورہ کریں گے۔