آبادی کی کمی سے پریشان چین،مانعِ حمل ادویات پر ٹیکس کی تیاری

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-12-2025
آبادی کی کمی سے پریشان چین،مانعِ حمل ادویات پر ٹیکس کی تیاری
آبادی کی کمی سے پریشان چین،مانعِ حمل ادویات پر ٹیکس کی تیاری

 



بیجنگ:چین تقریباً تین دہائیوں میں پہلی بار مانعِ حمل ادویات اور مصنوعات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) وصول کرنا شروع کرے گا۔ یہ اقدام بیجنگ کی اس پالیسی کے مطابق ہے جس کے تحت وہ کئی سال تک زیادہ تر خاندانوں کو ایک بچے تک محدود رکھنے کے بعد اب لوگوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

ملک کے نئے ویلیو ایڈڈ ٹیکس قانون کے مطابق یکم جنوری سے "مانعِ حمل ادویات اور مصنوعات" ٹیکس سے مستثنیٰ نہیں رہیں گی۔ ’کنڈوم‘ جیسے مصنوعات پر بھی 13 فیصد کا عام ویلیو ایڈڈ ٹیکس لگے گا۔ اگرچہ سرکاری میڈیا نے اس تبدیلی کو زیادہ نمایاں طور پر نہیں اٹھایا، لیکن چینی سوشل میڈیا پر یہ موضوع تیزی سے ٹرینڈ کر رہا ہے۔

لوگ مذاق میں لکھ رہے ہیں کہ "کوئی بھی احمق ہی ہوگا جو یہ نہ سمجھ سکے کہ بچے کی پرورش ٹیکس والے کنڈوم خریدنے سے کہیں زیادہ مہنگی ہے۔" ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مانعِ حمل مصنوعات کی قیمت بڑھنے سے غیر منصوبہ بند حمل اور جنسی منتقل ہونے والی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ چین کی ایک بچہ پالیسی (1980–2015) کے دوران سخت جرمانے، سزائیں اور کبھی کبھار جبری اسقاط حمل بھی کروائے جاتے تھے۔

مقررہ حد سے زیادہ پیدا ہونے والے بچوں کو کئی بار شناختی نمبر بھی نہیں دیا جاتا تھا، جس سے وہ مؤثر طور پر "غیر شہری" بن جاتے تھے۔ حکومت نے 2015 میں ایک بچے کی حد بڑھا کر دو کر دی اور پھر آبادی میں کمی کے باعث 2021 میں اسے تین بچوں تک بڑھا دیا۔ کئی سالوں تک مانعِ حمل ادویات کو فروغ دیا جاتا رہا اور یہ اکثر مفت میں فراہم کی جاتی تھیں۔

ماہرِ آبادیات کیان کائی کے مطابق 13 فیصد ٹیکس سے پیدائش کی شرح پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا کیونکہ جو لوگ بچے نہیں چاہتے، وہ ٹیکس کی وجہ سے اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے۔ چین میں مانعِ حمل کی زیادہ تر ذمہ داری خواتین پر ہوتی ہے۔ 2022 کے ایک مطالعے کے مطابق صرف 9 فیصد جوڑے کنڈوم استعمال کرتے ہیں، 44.2 فیصد خواتین IUD استعمال کرتی ہیں، جبکہ 30.5 فیصد خواتین اور 4.7 فیصد مرد نس بندی کرواتے ہیں۔ باقی لوگ مانعِ حمل ادویات یا دیگر طریقے اختیار کرتے ہیں۔ کئی خواتین کا کہنا ہے کہ حکومت ایک بار پھر ان کے جسم اور نجی زندگی پر کنٹرول قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔