مو بائل کی وجہ سے بچے ’فیٹی لیور‘ کا شکار ہو رہے ہیں: ماہرین

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-04-2026
مو بائل کی وجہ سے بچے ’فیٹی لیور‘ کا شکار ہو رہے ہیں: ماہرین
مو بائل کی وجہ سے بچے ’فیٹی لیور‘ کا شکار ہو رہے ہیں: ماہرین

 



نئی دہلی: صحت کے ماہرین نے کہا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں میں کمی، موبائل فون پر زیادہ وقت گزارنا اور جنک فوڈ کھانے کی وجہ سے بچے ‘فیٹی لیور’ بیماری کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس بیماری کو "تبدیل شدہ طرز زندگی" کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے والدین سے اس حوالے سے خاص توجہ دینے کی درخواست کی ہے۔

ماہرین نے عالمی یوم صحت کے موقع پر اس رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ بیماری 40 سال سے زائد عمر کے افراد میں دیکھنے کو ملتی تھی، لیکن اب یہ کم عمر نوجوانوں میں بھی نظر آ رہی ہے۔ 7 اپریل کو عالمی یوم صحت منایا جاتا ہے۔

اپولو اسپیکٹرا اسپتال، دہلی کے سینئر ڈاکٹر برائے داخلی طب ڈاکٹر علی شیر نے بتایا کہ بچوں میں ‘فیٹی لیور’ کی بنیادی وجہ جنک فوڈ کا بڑھتا ہوا استعمال، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور موبائل فون وغیرہ پر زیادہ وقت گزارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ بیماری 40-50 سال کے افراد میں زیادہ دیکھنے کو ملتی تھی، لیکن اب 15-20 سال کے نوجوان بھی اس کے شکار ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر شیر کے مطابق کچھ تحقیقات کے مطابق تقریباً 35 فیصد بچوں میں ‘فیٹی لیور’ کے آثار ہو سکتے ہیں، جبکہ موٹاپے کے شکار بچوں میں یہ شرح 60 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول جانے والے تقریباً 10 سے 15 سال کے بچوں میں موٹاپا تیزی سے بڑھ رہا ہے، جو ‘فیٹی لیور’ کی ایک بڑی وجہ ہے، اس لیے والدین کو بچوں کی طرز زندگی پر خاص توجہ دینی ضروری ہے۔

شری بالاجی ایکشن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر برائے گیسٹرواینٹرولوجی اور ہیپٹالوجی ڈاکٹر جی ایس لامبا نے بتایا کہ ‘فیٹی لیور’ کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اس کے علامات بہت ہلکے یا بالکل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا، "کچھ لوگوں کو تھکن، دائیں جانب پیٹ میں ہلکا درد یا بھاری پن، بھوک کم لگنا جیسے آثار مل سکتے ہیں۔ اکثر یہ بیماری خون کی معمول کی جانچ یا الٹراساؤنڈ میں ہی پکڑی جاتی ہے۔

ڈاکٹر لامبا نے کہا کہ وقت پر شناخت ہو جائے تو اس بیماری کا علاج ممکن ہے۔ ریزینسی اسپتال کے ڈاکٹر برائے گیسٹرواینٹرولوجی ڈاکٹر سچن ہچجے نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ ‘فیٹی لیور’ صرف شراب نوشی کرنے والوں کو ہوتا ہے، کیونکہ زیادہ تر کیسز میں “نان الکحلک فیٹی لیور ڈیزیز” (NAFLD) دیکھنے کو مل رہی ہے، جو شراب نہ پینے والوں میں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ موٹاپا، انسولین مزاحمت، ذیابیطس اور خراب خوراک ہے، اس لیے اپنی طرز زندگی بدلنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر ہچجے کے مطابق لوگ زیادہ کیلوری والا کھانا، خاص طور پر ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس، زیادہ کھاتے ہیں اور زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، جسمانی سرگرمیاں کم کرتے ہیں۔ اس سے جسم میں جمع ہونے والا چربی آہستہ آہستہ جگر میں جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر شیر نے خبردار کیا کہ ‘فیٹی لیور’ کو نظر انداز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ وقت کے ساتھ شدید شکل اختیار کر سکتا ہے، جس میں جگر میں سوجن، نقصان اور آگے چل کر فائبرسس، سروسس اور یہاں تک کہ جگر کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دل کی بیماری اور دماغی فالج کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔