نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کے روز تيمارپور علاقے میں جاری صفائی مہم "کوڑے سے آزادی" میں حصہ لیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے آس پاس کے علاقوں کو صاف رکھنے کی اجتماعی ذمہ داری قبول کریں۔
یہ پروگرام سنجے بستی میں منعقد کیا گیا تھا۔
مقامی ممبر اسمبلی سوریہ پرکاش کھتری کے ساتھ موجود ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی بھر کے عوامی نمائندے اپنے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشنز ، غیر سرکاری تنظیموں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج صبح مجھے ایک ویڈیو دیکھنے کو ملا جس میں دہلی میں ایک چھوٹا بچہ بس اڈے کی صفائی کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ایسی بیداری دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اگر ہر شہری دہلی کی صفائی کو اپنی ذمہ داری سمجھنے لگے، تو اس شہر کو واقعی صاف ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے جے جے کالونی کا بھی معائنہ کیا، علاقے میں دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے فلیٹس کی حالت کا جائزہ لیا اور مقامی رہائشیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کو ضروری ترقیاتی کاموں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کوڑے سے آزادی" کی یہ مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی، جو 1 اگست کو شروع کی گئی ہے۔
دہلی میں صفائی ستھرائی اور فضلہ انتظام میں بہتری کے لیے کمیونٹی کی شراکت داری کو فروغ دینے کی غرض سے یہ مہم پوری قومی دارالحکومت میں چلائی جا رہی ہے