نئی دہلی: چیف جسٹس سوریا کانت نے دہلی-این سی آر میں جاری آلودگی کی شدید صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی وجہ سے انہیں شام کے وقت واک کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ بدھ کے روز سپریم کورٹ میں ملک میں جاری ووٹرز لسٹ کے اسپیشل انٹینسو ریویژن (SIR) سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت ہو رہی تھی، اور اسی دوران دہلی-این سی آر میں آلودگی کا مسئلہ بھی اٹھایا گیا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریا کانت نے کہا کہ کل شام واک کے بعد انہیں آلودگی کی وجہ سے بہت تکلیف ہوئی۔ اس سے قبل بھی وہ دو دن تک واک پر نہیں جا سکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صرف 55 منٹ واک کی اور صبح تک انہیں دشواری رہی۔
یہ باتیں انہوں نے SIR کیس کی سماعت کے دوران کہیں، جب انتخابی کمیشن کے لیے پیش سینئر ایڈوکیٹ راکیش دویدی نے 2 دسمبر کی سماعت میں آن لائن شامل ہونے کی اجازت مانگی۔ 2 دسمبر کو کیرالہ کے SIR کیس کی سماعت طے ہے، اور انہوں نے آلودگی کو وجہ بتاتے ہوئے آن لائن سماعت کی درخواست کی۔
درخواست گزار کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ کپل سبّل نے بھی اس پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو فی الحال آن لائن طریقے سے ہی کام کرنا چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ بار ایسوسی ایشن اور ججز سے اس معاملے پر مشاورت کریں گے اور سب کی رضامندی سے کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ دہلی-این سی آر میں آلودگی کی صورتحال مسلسل سنگین بنی ہوئی ہے۔
کئی جگہوں پر AQI 350 سے بھی تجاوز کر چکی ہے اور بارہ دنوں سے ہوا کی کوالٹی بہت خراب زمرے میں ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سپریم کورٹ نے آج SIR کیس کی سماعت کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے: مرکزی معاملہ، جس میں SIR کی قانونی حیثیت پر سماعت ہوگی۔
ریاستی مقامی مسائل، جن کی بنیاد پر کچھ سیاسی جماعتیں SIR کو مؤخر کرنے کی درخواست کر رہی ہیں۔ ریاستی مقامی مسائل کی سماعت کے لیے الگ تاریخیں مقرر کی گئی ہیں: کیریلہ 2 دسمبر، تمل ناڈو 4 دسمبر، اور مغربی بنگال 9 دسمبر۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو وہ ڈرافٹ رول کی اشاعت کی تاریخ میں توسیع کر دے گی۔ انتخابی کمیشن کے مطابق، SIR فارم 4 دسمبر تک بھرنے ہیں اور ڈرافٹ رول 9 دسمبر کو شائع ہونا ہے۔