ووٹ چوروں اور جمہوریت کے قاتلوں کی حفاظت کر رہے ہیں چیف الیکشن کمشنر: راہل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2025
ووٹ چوروں اور جمہوریت کے قاتلوں کی حفاظت کر رہے ہیں چیف الیکشن کمشنر: راہل
ووٹ چوروں اور جمہوریت کے قاتلوں کی حفاظت کر رہے ہیں چیف الیکشن کمشنر: راہل

 



نئی دہلی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مبینہ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف اپنی مہم کے سلسلے میں جمعرات کو ووٹر لسٹوں سے ’’کانگریس حامی ووٹروں‘‘ کے نام ہٹائے جانے کا معاملہ اٹھایا اور الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ’’جمہوریت کے قاتلوں‘‘ اور ’’ووٹ چوروں‘‘ کی حفاظت کر رہے ہیں۔

لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون‘ میں پریس کانفرنس کے دوران کرناٹک کے کلبرگی ضلع کی آلند اسمبلی حلقے کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کانگریس ووٹروں کے نام ہٹانے کی کوشش منظم طریقے سے کی گئی اور اس میں سافٹ ویئر کا استعمال ہوا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گیانیش کمار کو ’ووٹ چوروں‘ کو تحفظ دینا بند کرنا چاہیے اور ایک ہفتے کے اندر الیکشن کمیشن کو کرناٹک کی سی آئی ڈی کے ساتھ پوری جانکاری شیئر کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق، جن کے نام ہٹانے کی کوشش ہوئی اور جن کے نام کا استعمال کر کے درخواستیں دی گئیں، ان کو اس کی خبر تک نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’’ہائیڈروجن بم‘‘ نہیں ہے اور وہ ابھی آنے والا ہے۔

راہل گاندھی نے یکم ستمبر کو پٹنہ میں ’ووٹَر ادھیکار یاترا‘ کے اختتام کے موقع پر ’ووٹ چوری‘ سے جڑے اپنے پہلے انکشاف کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’’ایٹم بم‘‘ کے بعد اب ’’ہائیڈروجن بم‘‘ آنے والا ہے، جس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی لوگوں کو اپنا ’’چہرہ نہیں دکھا پائیں گے‘‘۔ انہوں نے بنگلورو کے مہادیوپورہ اسمبلی حلقے میں مبینہ ووٹ چوری کا مسئلہ 7 اگست کو پریس کانفرنس کے ذریعے اٹھایا تھا۔

اس انکشاف کو انہوں نے ’’ایٹم بم‘‘ کہا تھا۔ راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا، ’’میں اپنے جمہوریت، ملک اور آئین سے بہت محبت کرتا ہوں اور ایسی کوئی بات نہیں کہوں گا جو حقائق پر مبنی نہ ہو۔‘‘ ان کے مطابق، آلند اسمبلی حلقے میں 6018 ووٹروں کے نام ہٹانے کے لیے درخواستیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس ووٹروں کو نشانہ بنا کر کیا گیا اور دلت، درج فہرست قبائل اور اقلیتی ووٹروں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔

راہل گاندھی نے آلند اسمبلی حلقے کے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے یہ ’ووٹ چوری‘ ایک بی ایل او کے ذریعے پکڑی، جس کے رشتہ دار کا ووٹ کاٹ دیا گیا تھا۔ جب بی ایل او نے پتہ کیا تو سامنے آیا کہ ان کے رشتہ دار کا ووٹ انہی کے پڑوسی نے ہٹوایا ہے۔ بی ایل او نے جب پڑوسی سے پوچھا تو پتہ چلا کہ اس نے نام نہیں ہٹوایا۔‘‘

ان کا کہنا تھا، ’’جب شک بڑھا تو بی ایل او نے پوری جانکاری جمع کی اور پتہ چلا کہ کسی تیسرے نے آلند میں منظم طریقے سے ووٹ ہٹوائے ہیں۔ اس میں یہ بھی پتہ چلا کہ ووٹر کا نام ہٹانے کے لیے درخواست ’آن لائن آٹومیٹڈ‘ طریقے سے ہوئی اور جو موبائل نمبر استعمال ہوئے، وہ کرناٹک کے باہر کے نمبر تھے۔‘‘

انہوں نے اسٹیج پر کچھ ایسے لوگوں کو پیش کیا جن کے نام کا استعمال کر کے ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کی درخواستیں کی گئیں۔ ایسی ہی ایک خاتون کا نام گودابائی ہے، جن کی ویڈیو راہل گاندھی نے جاری کی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے نام پر 12 لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے۔ راہل گاندھی نے سوال کیا، ’’جن نمبروں سے 12 لوگوں کے نام ہٹائے گئے، وہ کس کے نمبر ہیں؟ یہ موبائل نمبر کس نے اور کہاں سے آپریٹ کیے؟ ان نمبروں کا آئی پی ایڈریس کیا تھا؟

نام ہٹانے کے لیے او ٹی پی کس کو گیا؟‘‘ ان کا کہنا ہے کہ جب ان نمبروں پر فون کیا جاتا ہے تو کوئی جواب نہیں آتا۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’اس معاملے کی جانچ کرناٹک کی سی آئی ڈی کر رہی ہے۔ سی آئی ڈی نے 18 خطوط بھیج کر کچھ جانکاریاں مانگی ہیں… لیکن یہ جانکاری نہیں دی گئی کیونکہ اس سے وہاں تک پہنچا جا سکے گا جہاں سے یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے چندرپور ضلع کے راجورہ اسمبلی حلقے میں اسی طریقے کا استعمال کر کے 6850 نام جوڑے گئے۔ کانگریس لیڈر کا کہنا تھا، ’’ملک کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار جی سے ہماری مانگ ہے کہ آپ اپنا کام کیجیے، کیونکہ آپ نے حلف لیا ہے۔ ہماری مانگ ہے کہ کرناٹک کی سی آئی ڈی جو ثبوت مانگ رہی ہے، آپ انہیں سات دن کے اندر دے دیجیے۔ اگر آپ نے ایسا نہیں کیا تو پورا ہندوستان مان لے گا کہ آپ آئین کے قتل میں شامل ہیں اور ووٹ چوروں کی حفاظت کر رہے ہیں۔‘‘

کمیشن نے راہل گاندھی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا، ’’راہل گاندھی کے ذریعے لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔ کسی بھی ووٹ کو آن لائن کسی بھی شخص کے ذریعے ہٹایا نہیں جا سکتا، جیسا کہ گاندھی نے غلط تاثر پیدا کیا ہے۔‘‘ اس نے یہ بھی کہا کہ 2023 میں آلند اسمبلی حلقے میں ووٹروں کے نام ہٹانے کی ’’کچھ ناکام کوششیں‘‘ کی گئی تھیں اور معاملے کی جانچ کے لیے کمیشن کے افسران نے خود ایک ایف آئی آر درج کرائی تھی۔