نئی دہلی/ آواز دی وائس
آج کل ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس سے منگوائے گئے کھانے میں چوہے، کاکروچ، مینڈک اور کیڑے نکلنے کی خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ چکن بریانی بچوں سے لے کر بڑوں تک سب کی پسندیدہ ڈش ہے، اسی لیے تقریباً ہر کوئی ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں جا کر یا آن لائن منگوا کر چکن بریانی کھاتا ہے۔ تاہم اس بار چکن بریانی سے کاکروچ نکلنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
یہ واقعہ تلنگانہ کے کھمم ضلع کا بتایا جا رہا ہے۔ کھمم ضلع میں ایک شخص نے زومیٹو سے منگوائی گئی چکن بریانی میں سے کاکروچ نکلنے کی شکایت کی ہے۔ سری نگر کالونی کے رہائشی میڈیسیٹی کرشنا نامی گاہک نے زومیٹو سے آن لائن اسپیشل چکن بریانی کا آرڈر دیا تھا۔ آرڈر کرنے کے بعد ان کا بریانی پارسل ان کے گھر پہنچا جو زومیٹو کے ذریعے ضلع کے کونارک ریسٹورنٹ سے آیا تھا۔
بریانی کھاتے وقت نظر آئے کاکروچ
میڈیسیٹی کرشنا نے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ چکن بریانی پلیٹ میں نکال کر کھانی شروع کی۔ کچھ کھانے کے بعد ان کی نظر بریانی میں دوڑتے ہوئے کاکروچوں پر پڑی۔ اس کے بعد انہوں نے زومیٹو سے رابطہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ پارسل کونارک ریسٹورنٹ سے لیا گیا تھا اور پھر ڈلیور کیا گیا تھا۔
ریسٹورنٹ انتظامیہ سے شکایت
یہ جاننے کے بعد میڈیسیٹی کرشنا کونارک ریسٹورنٹ پہنچے اور انتظامیہ سے چکن بریانی میں کاکروچ نکلنے کی شکایت کی۔ اس پر ریسٹورنٹ انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے یہاں کھانے کی چیزیں بہت اچھی طرح تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے میڈیسیٹی کرشنا کو پیسے واپس کرنے کی بات کہی۔
وہیں متاثرہ کرشنا نے تشویش ظاہر کی کہ اگر کاکروچ والی بریانی کھانے سے ان کی یا ان کے خاندان کی طبیعت خراب ہو جاتی تو اس کی ذمہ داری کون لیتا؟ کرشنا نے کہا کہ بریانی میں کاکروچ ہونے کی شکایت کرنے کے باوجود انتظامیہ نے سنجیدگی سے جواب نہیں دیا اور لاپرواہی برتی۔