چھتیس گڑھ:نکسل مخالف مہم میں 26 سے زائد نکسلی ہلاک

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2025
چھتیس گڑھ:نکسل مخالف مہم میں 26 سے زائد نکسلی ہلاک
چھتیس گڑھ:نکسل مخالف مہم میں 26 سے زائد نکسلی ہلاک

 



بیجا پور : چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ ضلع نارائن پور اور بیجاپور کی سرحدی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور نکسلوں کے درمیان ہونے والی ایک مڈبھیڑ میں 26 سے زائد نکسلے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کی اطلاع بدھ کے روز ریاست کے نائب وزیراعلیٰ وجے شرما نے دی۔

وجے شرما نے بتایا کہ نارائن پور، سکما اور بیجاپور کے سرحدی علاقے میں جاری نکسل مخالف مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 26 سے زائد نکسلوں کو ہلاک کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مڈبھیڑ ابوجھماڑ اور اندراوتی ندی کے درمیان واقع علاقے میں صبح کے وقت ہوئی۔

اس کارروائی میں سیکورٹی فورسز کا ایک معاون اہلکار جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ایک جوان زخمی ہوا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ابوجھماڑ کے علاقے میں ماڑ ڈویژن کے نکسلوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) کے نارائن پور، دانتے واڑہ، بیجاپور اور کونڈاگاؤں یونٹوں کے مشترکہ دستے کو اس علاقے میں روانہ کیا گیا تھا۔

نائب وزیراعلیٰ وجے شرما، جو ریاست کے وزیر داخلہ بھی ہیں، نے کہا: آج جوانوں کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ 26 سے زائد نکسلے ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں اعلیٰ نکسل قیادت کے مارے جانے کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ علاقہ نارائن پور، سکما اور بیجاپور اضلاع کی سرحد پر واقع ہے اور ابوجھماڑ و اندراوتی ندی کے بیچ واقع ہے۔ زخمی جوان کا علاج جاری ہے اور علاقے میں تلاشی مہم بدستور جاری ہے۔

جب ان سے نکسلوں کے ساتھ بات چیت کے امکان پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا: مرکزی و ریاستی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ایک بھی گولی نہ چلے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دو بار بستر کے دورے کے دوران نکسلوں سے اپیل کی تھی کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوں۔ وزیراعلیٰ نے بھی یہی بات کہی ہے۔

میرا کہنا ہے کہ مناسب لوگ بات چیت کریں۔ ہتھیاروں سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، نکسلوں کو قومی دھارے میں آنا چاہیے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس آپریشن کی مزید تفصیلات پیش کی جائیں گی۔