گڑھیابند:چھتیس گڑھ کے ضلع گڑھیابند میں سیکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس میں 10 نکسلی مارے جانے کی خبر ہے۔ رائے پور رینج کے آئی جی امریش مشرا نے بتایا کہ گڑھیابند میں سیکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان جھڑپ جاری ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ ہو رہی ہے۔ کچھ نکسلیوں کے مارے جانے کی قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سی سی ممبر منوج عرف ماڈم بالکرشن بھی شامل ہے، جو تنظیم کا بڑا چہرہ مانا جاتا تھا۔ سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی نکسل مخالف مہم میں ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ رائے پور رینج کے آئی جی امریش مشرا نے یہ بھی بتایا کہ گڑھیابند میں جمعرات (11 ستمبر) کی صبح سے نکسل مخالف آپریشن جاری ہے۔
صبح سے ہی جھڑپ چل رہی ہے۔ رائے پور کے پولیس انسپکٹر جنرل نے جھڑپ کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔ نارائن پور میں 16 نکسلیوں نے ہتھیار ڈالے وہیں چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور میں 16 نکسلیوں نے ہتھیار ڈال دیے۔ یہ نکسلی سینئر پولیس افسران کے سامنے سرنڈر ہوئے۔
نارائن پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ رابسنس گڑیا نے بتایا کہ تمام 16 نکسلی نچلی سطح کے کیڈر سے تعلق رکھتے تھے اور "جنتنا سرکار"، "چیتنا ناٹیا منڈلی" اور ماؤ وادیوں کی پنچایت ملیشیا سمیت مختلف یونٹوں سے وابستہ تھے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ میں جمعرات (11 ستمبر) کو نکسلیوں کی جانب سے نصب کیے گئے پریشر آئی ای ڈی دھماکے میں سی آر پی ایف کے دو جوان زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 10:30 بجے اندرآوتی دریا پر بنے ساتدھار پل کے قریب پیش آیا، جب سی آر پی ایف کی 195ویں بٹالین کا ایک دستہ مالے واہی تھانہ علاقے میں قائم اپنے کیمپ سے "ایریا ڈومینیشن آپریشن" پر نکلا تھا۔