چھتیس گڑھ: ماؤوادی لیڈر نے کیڈر وں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2025
چھتیس گڑھ: ماؤوادی لیڈر نے کیڈر وں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی
چھتیس گڑھ: ماؤوادی لیڈر نے کیڈر وں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی

 



گریابند (چھتیس گڑھ): چھتیس گڑھ میں اعلیٰ سطحی ماؤوادی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں ماؤوادیوں کے ہتھیار ڈالنے کے بعد، ممنوعہ تنظیم بھارتی کمیونسٹ پارٹی (ماؤوادی) کے ایک اہم رہنما نے اپنے ساتھیوں سے ہتھیار ڈال کر مسلح جدوجہد ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اُدنتی ایریا کمیٹی کے ماؤوادی لیڈر "سنیل" کے نام سے جاری ایک صفحے پر مشتمل خط میں "کامریڈ ساتھیوں" کو مخاطب کرتے ہوئے ماؤوادی کیڈر سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ "دیر ہونے سے پہلے احتیاط سے سوچیں اور صحیح فیصلہ کریں"۔ گریابند کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نکھل راکھےچا نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام فعال ماؤوادیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی دھارے میں واپس آکر پُرامن زندگی گزاریں۔

اُدنتی ایریا کمیٹی، گریابند کے کچھ حصوں اور چھتیس گڑھ-اڑیسہ سرحد سے ملحقہ علاقوں میں سرگرم ہے۔ مبینہ ماؤوادی رہنما کی جانب سے جاری خط میں لکھا گیا ہے: "آپ سب کامریڈز کیسے ہیں؟ میری امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ کامریڈز، آپ سب سے اپیل ہے کہ 16 اکتوبر 2025 کو سونو دادا (ملوجولا وینوگوپال راؤ عرف بھوپتی) نے مہاراشٹرا میں 61 کامریڈز کے ساتھ ہتھیار ڈال کر مسلح تحریک کو ختم کر دیا ہے۔ اور 17 اکتوبر 2025 کو بستر میں روپیش دادا عرف ستیش دادا نے 210 ساتھیوں سمیت خودسپردگی اختیار کی۔

ان تمام کامریڈز نے حکومت کو اپنے ہتھیار سونپ دیے ہیں۔" سونو ادا نے ایک کتابچے میں لکھا: موجودہ حالات میں مسلح جدوجہد مشکل ہو گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کا دباؤ بہت بڑھ چکا ہے۔ جس طریقے سے انقلاب کو آگے بڑھانا تھا، وہ ممکن نہیں ہو پایا۔ مرکزی کمیٹی وقت پر فیصلہ نہ کر سکی یہ ایک بڑی غلطی رہی ہے۔"

خط میں مزید کہا گیا:  "اسی لیے، ہم سب کو اب مسلح جدوجہد کو ختم کرکے عوامی تحریکوں کے ساتھ مل کر عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ہماری اُدنتی ٹیم اب گریابند میں مسلح تحریک کو ختم کرنے جا رہی ہے۔" کتابچے میں مزید لکھا گیا: آپ سب یونٹ کے ساتھی — گوبرہ، سیناپالی، ایس ڈی کے، سیتانَدی — بھی اس سمت میں سوچیں اور صحیح فیصلہ کریں۔ ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے۔ ہم پہلے ہی کئی اہم کامریڈز کھو چکے ہیں۔ ہماری یونٹ، سونو دادا اور روپیش دادا کے فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔ آپ بھی اپنے پورے دلَم کے ساتھ ہتھیار لے کر آئیں۔"

آخر میں یہ بھی لکھا گیا: عوام سے بھی میری اپیل ہے کہ براہِ کرم اس خط کو جلد از جلد ہمارے دیگر کامریڈز تک پہنچائیں۔" خط میں ایک موبائل نمبر بھی دیا گیا ہے، جس کے ذریعے ماؤوادی کارکنان ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نکھل راکھےچا نے اس خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا: "ہم اس خط کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ ایک مثبت قدم ہے۔ میں اُدنتی، گوبرہ، سیناپالی، ایس ڈی کے اور سیتانَدی علاقوں میں سرگرم نکسلائیٹس سے جلد از جلد خودسپردگی کی اپیل کرتا ہوں۔ وہ بلا جھجک مجھ سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

ہم ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنائیں گے۔" جمعہ کو بستر ضلع میں مرکزی کمیٹی کے رکن روپیش اور 111 خواتین کیڈر سمیت کل 210 نکسلائیٹس نے ہتھیار ڈال دیے تھے۔ پولیس کے مطابق ان سب پر مجموعی طور پر 9.18 کروڑ روپے کا انعام مقرر تھا۔ جنوبی چھتیس گڑھ (بستر) سے لے کر اڑیسہ، تلنگانہ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش تک پھیلا ہوا دندکارنیا علاقہ طویل عرصے سے ماؤوادیوں کا اہم گڑھ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے 16 اکتوبر کو بتایا تھا کہ ریاست میں گزشتہ 22 مہینوں میں 477 نکسلائیٹس مارے گئے، 2,110 نے ہتھیار ڈالے اور 1,785 گرفتار کیے گئے ہیں۔

انہوں نے اسے چھتیس گڑھ کو نکسل فری بنانے کی سمت میں حکومت کی عزم کا حصہ قرار دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ مرکزی حکومت نے 31 مارچ 2026 تک ملک کو نکسل فری بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے بستر کے دورے کے دوران ماؤوادیوں سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل بھی کی تھی۔ جمعرات کو وزیر داخلہ شاہ نے چھتیس گڑھ کے دو سب سے زیادہ نکسل متاثرہ علاقوں، ابوجھمارھ اور شمالی بستر کو نکسل فری قرار دیتے ہوئے واضح کیا تھا: جو ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں، ان کا خیر مقدم ہے؛ لیکن جو بندوق اٹھائیں گے، انہیں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔"