چھتیس گڑھ : شیروں کی تعدادمیں اضافہ ، جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششیں رنگ لائیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
چھتیس گڑھ : شیروں کی تعدادمیں اضافہ ، جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششیں رنگ لائیں
چھتیس گڑھ : شیروں کی تعدادمیں اضافہ ، جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششیں رنگ لائیں

 



رائے پور: چھتیس گڑھ میں شیروں کی تعداد پچھلے تین برسوں میں دوگنی ہوگئی ہے۔ سال 2022 میں جہاں شیروں کی تعداد 17 تھی، وہیں اپریل 2025 میں کیے گئے سروے میں یہ بڑھ کر 35 ہوگئی۔ یہ اطلاع منگل کو وزیر اعلیٰ وِشنو دیو سائے کی صدارت میں منعقدہ چھتیس گڑھ ریاستی جنگلی حیات فلاحی بورڈ کی 15ویں میٹنگ میں دی گئی۔

وزیر اعلیٰ سائے نے شیروں کی تعداد میں اس نمایاں اضافے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "چھتیس گڑھ میں جنگلی جانوروں کا تحفظ اور فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمارا ریاستی خطہ جنگلاتی وسائل اور جنگلی حیات کے اعتبار سے مالا مال ہے۔ ان کے تحفظ اور ترقی کے لیے حکومت پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیروں کی تعداد 17 سے بڑھ کر 35 ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست میں جنگلی حیات کے تحفظ کی سمت میں مؤثر اور اطمینان بخش کوششیں کی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اب دیگر جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی منصوبہ بند اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا: چھتیس گڑھ کے کئی علاقے ایسے ہیں جنہیں جنگلی حیات کے تحفظ کے ذریعے ترقی دی جاسکتی ہے۔ جشپور ضلع کے نیم گاؤں میں بڑی تعداد میں مہاجر پرندے آتے ہیں۔

ان کے تحفظ اور فروغ کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ اس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ میٹنگ میں شریک ریاستی وزیر جنگلات و بورڈ کے نائب صدر کیدار کشیپ نے بتایا کہ شیروں کے ساتھ دیگر جنگلی جانوروں کے تحفظ اور ان کے رہائشی علاقوں کی بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں، جن کے بہتر نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

بورڈ کے رکن سیکریٹری اور پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ (جنگلی حیات) ارون کمار پانڈے نے محکمہ کی کامیابیوں اور آئندہ منصوبوں کی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ اچانکمار ٹائیگر ریزرو میں ریاست میں سب سے زیادہ شیروں کی موجودگی ہے۔

پانڈے نے مزید بتایا کہ ادنتی سیتانادی ٹائیگر ریزرو اور گرو گھاسی داس–تمور پنگلا ٹائیگر ریزرو میں مدھیہ پردیش سے شیروں کی منتقلی (ٹرانس لوکیشن) کے لیے نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (این ٹی سی اے) سے اجازت مل چکی ہے۔ یہ عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی جانور جنگلی بھینس کی تعداد بڑھانے کے لیے آسام سے لائے گئے بھینسوں کی افزائش میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی پرندہ پہاڑی مینا کے تحفظ کے لیے ’’مینا متر‘‘ نامی ایک گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جو ان کے مسکن کی نگرانی کرتا ہے۔ پانڈے کے مطابق ٹائیگر ریزروز اور کانگیر گھاٹی نیشنل پارک میں سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے نئی سہولتیں تیار کی جارہی ہیں، جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور جنگلی حیات کے تحفظ کو بھی تقویت ملے گی۔

افسران نے بتایا کہ میٹنگ میں گشتی راستوں کی تعمیر، محفوظ علاقوں کے منطقی بنانے اور درج ذیل کاموں کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ادنتی–سیتانادی ٹائیگر ریزرو (گڑھیابند) میں دھولپور سے کُکرار تک سڑک کی تعمیر، مشن امرت یوجنا کے تحت پائپ لائن توسیعی کام، اور کووردا جنگلاتی ڈویژن میں انٹرنیٹ سہولت کے لیے آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کی اجازت بھی دی گئی۔

ان کے مطابق، ان کاموں سے جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے دیہاتیوں کو موبائل و انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی ملے گی، سرکاری اسکیموں کا ڈیجیٹل فائدہ پہنچے گا اور معلومات کی ترسیل میں سہولت ہوگی۔ افسران نے بتایا کہ میٹنگ میں بورڈ کے ارکان نے جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق اپنے اہم مشورے بھی پیش کیے۔