جی ایس ٹی میں تبدیلیوں سے ملک کی آبادی کو فائدہ ہوگا: سیتا رمن

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-09-2025
جی ایس ٹی میں تبدیلیوں سے ملک کی آبادی کو فائدہ ہوگا: سیتا رمن
جی ایس ٹی میں تبدیلیوں سے ملک کی آبادی کو فائدہ ہوگا: سیتا رمن

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
 وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتے کے روز کہا کہ جی ایس ٹی میں وسیع پیمانے پر کی گئی تبدیلیاں ’’عوام کے لیے اصلاح‘‘ ہیں اور اس قدم سے ملک کی 140 کروڑ آبادی پر مثبت اثر پڑے گا۔
سیتا رمن نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ہم شرحوں میں کمی کا فائدہ عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے صنعت سے بات چیت کر رہے ہیں اور 22 ستمبر سے (جی ایس ٹی شرحوں میں کمی کے نفاذ کی تاریخ) ’’ہمارا پورا دھیان اسی بات پر ہوگا کہ عوام کو اس کا فائدہ ملے۔
مرکز اور ریاستوں کے وزرائے خزانہ کی شمولیت والی جی ایس ٹی کونسل نے بدھ کو چار سلیب کی جگہ دو سلیب کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب ٹیکس کی شرحیں پانچ اور 18 فیصد ہوں گی جبکہ عیاشی کی اشیا اور سگریٹ جیسی مضر صحت اشیا پر 40 فیصد کی خصوصی شرح نافذ ہوگی۔ سگریٹ، تمباکو اور دیگر متعلقہ اشیا کو چھوڑ کر نئی شرحیں 22 ستمبر سے مؤثر ہو جائیں گی۔
شرحوں کو معقول بنانے کے تحت ٹی وی اور ایئر کنڈیشنر جیسی صارفین کی اشیا کے علاوہ کھانے پینے اور روزمرہ کی کئی اشیا پر شرحیں کم کی گئی ہیں۔
سیتا رمن نے کہا کہ جی ایس ٹی میں وسیع پیمانے پر کی گئی تبدیلی عوام کے لیے اصلاح ہے اور اس قدم سے ملک کے 140 کروڑ لوگوں پر مثبت اثر پڑے گا۔ سب سے غریب آدمی تک پر اس کا کچھ نہ کچھ مثبت اثر ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صرف شرح میں کمی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ کمپنیوں کے لیے بھی چیزیں آسان ہوں گی۔ چاہے ریفنڈ کا معاملہ ہو یا کمپلائنس کا یا رجسٹریشن کا، سب کچھ ان کے لیے سہل ہوگا۔ سیتا رمن نے کہا کہ ایک بار یہ عمل مکمل ہو جانے کے بعد، 90 فیصد ریفنڈ خود بخود مقررہ وقت کے اندر کلیئر ہو جائیں گے۔ ساتھ ہی تین دن کے اندر کمپنیاں کامیابی کے ساتھ اپنا رجسٹریشن کرا سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے اس کا عوام اور کمپنیوں پر، خاص طور پر چھوٹے کاروباروں اور کسانوں پر ہر طرف سے مثبت اثر پڑے گا۔ کیونکہ وہ جو آلات خریدیں گے، جو کیڑے مار دوائیں خریدیں گے، وہ سب سستی ہونے جا رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’جی ایس ٹی کونسل میں اس بات پر عام اتفاق تھا کہ عوام کو فائدہ ملنا چاہیے۔۔۔ اگرچہ کچھ ریاستیں ضرور آمدنی کو لے کر فکرمند تھیں، لیکن اس بات پر سب کا اتفاق تھا کہ شرحوں میں کمی سے سب کو فائدہ ہونا چاہیے۔
سیتا رمن نے کہا کہ جی ایس ٹی شرحوں میں کمی سے اشیا کے دام کم ہوں گے اور کھپت بڑھے گی اور اس سے آمدنی میں اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’ہم شرحوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے صنعت سے بات چیت کر رہے ہیں۔ کئی کمپنیوں نے دام میں کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔
سیتا رمن نے کہا کہ 22 ستمبر سے میرا پورا دھیان اسی بات پر ہوگا کہ عوام کو اس کا فائدہ ملے۔