نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں ان دنوں مانسون سرگرم ہے۔ کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ اگرچہ درمیان میں سورج بھی نکل آتا ہے، جس سے حبس میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ موسم میں مسلسل تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پچھلے پورے ہفتے بارش اور تیز ہوائیں چلتی رہیں۔ پیر 4 اگست کو بھی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 4 اگست کو دہلی، اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، بہار، جھارکھنڈ، راجستھان، چھتیس گڑھ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں زور دار بارش ہو سکتی ہے۔ اس لیے گھر سے باہر نکلتے وقت چھتری ضرور ساتھ رکھیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں موسم ہر وقت اپنی کروٹ بدل رہا ہے۔ کبھی تیز دھوپ نکل آتی ہے تو کبھی اچانک بارش شروع ہو جاتی ہے، جس سے حبس میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ویسے دہلی-این سی آر میں گزشتہ ہفتے سے جب بھی بارش ہو رہی ہے، اچھی خاصی ہو رہی ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایت تو ہے، لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ گرمی سے کچھ نجات ملی ہے۔ دہلی میں رات کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 27 ڈگری سیلسیئس کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، پیر کے روز دہلی-این سی آر میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ نے جنوبی دہلی، آنند وہار، لکشمی نگر، پٹپڑ گنج اور شمالی دہلی میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔
یوپی اور بہار کی صورتحال
۔4 اگست کو اتر پردیش کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ 9 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ آج چترکوٹ، سون بھدر، سنت روی داس، بجنور، شاملی، میرٹھ، باندا میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ مشرقی اور مغربی دونوں علاقوں کے لیے بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بہار میں موسم خوشگوار بنا ہوا ہے۔ گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ گیا، پٹنہ، سَمسَتی پور، ساسارام، آرا، بھوجپور، گوپال گنج سمیت کئی اضلاع میں بارش ہو رہی ہے۔ آنے والے کچھ دنوں تک موسم ایسا ہی رہنے والا ہے۔ دربھنگہ، مدھوبنی، بھاگلپور، نوادہ، سیوان، پورنیہ میں بھی بادل برسنے کے امکانات ہیں۔
راجستھان میں بارش کی وارننگ
راجستھان میں مانسون کے آنے سے پہلے ہی بارش کی تباہ کاری دیکھی جا رہی ہے۔ کئی گاؤں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، عام زندگی متاثر ہو گئی ہے۔ کئی اضلاع میں زور دار بارش ہو رہی ہے۔ سَوا ئی مادھوپور، کوٹا، کَروَلی، الور، بانڈا، دوسہ اور باراں میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے بھنڈ، وِدیشا، چھترپور، ساگر، سیہور سمیت کئی حصوں میں آج بارش ہونے کے امکانات ہیں۔