نئی دہلی: دہلی میں ہفتہ کو دن کے دوران درمیانے درجے کی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 26.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 1.2 ڈگری زیادہ ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے یہ اطلاع دی۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، دہلی میں عام طور پر آسمان پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
جمعہ کو قومی راجدھانی کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، ہفتہ کی صبح 8:30 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صفدر جنگ میں مجموعی طور پر 1.8 ملی میٹر، پالم میں 4.7 ملی میٹر، لودھی روڈ میں 2.4 ملی میٹر، رِج میں 10.6 ملی میٹر اور آیا نگر میں 10.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو صبح 8:30 بجے سے شام 5:30 بجے کے درمیان ان مراکز پر بالترتیب 1.5 ملی میٹر، 4.2 ملی میٹر، 2.2 ملی میٹر، 10.6 ملی میٹر اور 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، صفدر جنگ میں کم سے کم درجہ حرارت 26.8 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 1.2 ڈگری زیادہ ہے۔ پالم میں کم سے کم درجہ حرارت 24.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے دو ڈگری کم ہے۔ لودھی روڈ میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 1.2 ڈگری زیادہ یعنی 26.2 ڈگری سیلسیس، آیا نگر میں معمول سے 0.8 ڈگری زیادہ یعنی 25.5 ڈگری سیلسیس اور رِج میں معمول سے دو ڈگری کم یعنی 22.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔ قومی راجدھانی میں 16 ستمبر تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق، قومی راجدھانی میں ہوا کا معیار ’اطمینان بخش‘ زمرے میں رہا۔ ہفتہ کی صبح 9 بجے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 63 ریکارڈ کیا گیا۔ سی پی سی بی کے مطابق، 0 سے 50 کے درمیان اے کیو آئی کو ’اچھا‘، 51 سے 100 کو ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 کو ’درمیانہ‘، 201 سے 300 کو ’خراب‘، 301 سے 400 کو ’بہت خراب‘ اور 401 سے 500 کو ’سنگین‘ زمرے میں رکھا جاتا ہے۔