دہلی: کلاؤڈ سیڈنگ کو حکومت تیار، آئی ایم ڈی کی منظوری کا انتظار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-10-2025
دہلی: کلاؤڈ سیڈنگ کو حکومت تیار، آئی ایم ڈی کی منظوری کا انتظار
دہلی: کلاؤڈ سیڈنگ کو حکومت تیار، آئی ایم ڈی کی منظوری کا انتظار

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے ماحولیاتی وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بدھ کے روز کہا کہ مصنوعی بارش یعنیٰ کلاؤڈ سیڈنگ  کا منصوبہ شروع کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ سیزنا طیارہ اور تمام ضروری آلات نصب کر دیے گئے ہیں، پائلٹوں کو لائسنس مل چکے ہیں، اور اب حکام ہندوستانی محکمہ موسمیات کی طرف سے حتمی منظوری کے منتظر ہیں تاکہ جیسے ہی بادل بنتے ہیں، کارروائی فوری طور پر شروع کی جا سکے۔
سرسا نے بتایا کہ یہ منصوبہ مصنوعی بارش کے ذریعے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے، اور یہ صرف اُس وقت ممکن ہے جب فضاء میں موزوں بادل موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے بادل ضروری ہیں۔ ہمیں ہندوستانی محکمہ موسمیات سے مکمل اجازت مل چکی ہے، اور سب کچھ قابو میں ہے۔ طیارے آ گئے ہیں، جن میں سیزنا بھی شامل ہے، تمام آلات نصب کر دیے گئے ہیں، اور پائلٹوں کے لائسنس بھی جاری ہو چکے ہیں۔ اب ہم صرف محکمہ موسمیات کے اشارے کے منتظر ہیں۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اگلے ہفتے کے اندر جیسے ہی بادل بنیں گے، کلاؤڈ سیڈنگ شروع کر دی جائے گی۔
سرسا نے کہا کہ پچھلی حکومتیں صرف باتیں کرتی رہیں، لیکن ہم نے صرف سات مہینوں میں اصل کام مکمل کر لیا — منظوری، معاہدے، یادداشتیں ، ماہرینِ موسمیات سے مشاورت، اور پائلٹوں و طیاروں کے انتظامات۔ انہوں نے بتایا کہ آلودگی کو قابو کرنے کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ اگلے ایک ہفتے کے اندر شروع ہونے کا امکان ہے۔ پچھلی حکومتوں نے صرف منصوبے کی بات کی تھی، مگر موجودہ انتظامیہ نے سات ماہ میں سارا بنیادی کام مکمل کر لیا ہے اور اب صرف محکمہ موسمیات کی اجازت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضروری اجازتیں حاصل کر لی گئی ہیں، پائلٹ اور طیارے تیار ہیں۔ منصوبے کے تحت مصنوعی بارش کے ذریعے دہلی کی آلودگی کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس سے پہلے سرسا نے بی جے پی حکومت کے مصنوعی بارش کے منصوبے کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کلاؤڈ سیڈنگ صرف اسی وقت ممکن ہے جب بادل موجود ہوں۔انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جو لوگ ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ ہم کلاؤڈ سیڈنگ کیوں نہیں کر رہے، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اس عمل میں پہلے بادل آتے ہیں، پھر سیڈنگ کی جاتی ہے۔ جیسے ہی بادل بنیں گے، ہم سیڈنگ کرائیں گے اور بارش بھی ہوگی۔
سرسا نے مزید کہا کہ دیوالی کے بعد دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس صرف 11 پوائنٹس بڑھا، جو پچھلے برسوں کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے، جب آتشبازی پر مکمل یا جزوی پابندی تھی۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2020 میں دیوالی پر پٹاخے پھوڑے گئے تھے۔ اُس وقت PM 2.5 کی سطح دیوالی سے پہلے 414 تھی اور بعد میں 435 — یعنی 21 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
2021 میں 80 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ 2024 میں، جب پٹاخے پر پابندی تھی، اے کیو آئی دیوالی سے پہلے 328 اور بعد میں 360 تھا  یعنی 32 پوائنٹس کا فرق۔ اس بار سپریم کورٹ کے حکم اور دہلی حکومت کی درخواست پر گرین پٹاخوں کی اجازت ملی۔ دیوالی سے پہلے اے کیو آئی345 تھا اور بعد میں 356 — صرف 11 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جیسا کہ سی بی سی پی کے ‘سیمیر’ ایپ میں درج ہے۔
دہلی کے ماحولیاتی وزیر نے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس بار آلودگی میں اضافہ انتہائی معمولی رہا، اور حکومت فضاء کو صاف رکھنے کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ جیسے جدید اقدامات پر عمل کر رہی ہے۔