خلابازوں کے اعزاز میں تقریب، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خراج تحسین

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 24-08-2025
خلابازوں کے اعزاز میں تقریب، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خراج تحسین
خلابازوں کے اعزاز میں تقریب، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خراج تحسین

 



نئی دہلی: دہلی میں ہندوستانی خلائی مشن "گگن یان" کے تحت خلا میں جانے والے خلاباز شبھانشو شکلا اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے خلابازوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک سائنسی کامیابی نہیں بلکہ ہندوستانی عوام کے جذبات، ایمان اور خود انحصاری کی بھی ایک اہم علامت ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے شبھانشو شکلا، پی وی نائر، اجیت کرشنن اور انگد پرتاپ کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر خلابازوں نے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ پوری دنیا کو ہندوستان کی خلائی صلاحیتوں کا احساس دلایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تربیت کے دوران ان خلابازوں نے جس محنت، جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے، اور پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گگن یان مشن صرف ایک خلائی سفر نہیں بلکہ "آتم نربھر بھارت" یعنی خود انحصار ہندوستان کی نئی شروعات ہے۔

فروری 2024 میں وکرم ساربھائی اسپیس سینٹر، ترواننت پورم میں وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں ان خلابازوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ مشن 2027 میں تین روزہ ہو گا جس میں ایک تین رکنی ٹیم زمین سے 400 کلومیٹر کی بلندی پر خلا میں بھیجی جائے گی۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کا خلائی پروگرام صرف تجربہ گاہوں اور لانچ پیڈز تک محدود نہیں بلکہ یہ ملک کے خوابوں، عزم اور عالمی وژن کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ آج خلا کی اہمیت صرف دفاعی یا تکنیکی معاملات تک محدود نہیں رہی، بلکہ مستقبل میں یہ توانائی، معیشت، سلامتی اور انسانی بقا کے لیے ایک نیا میدان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں خلا سے معدنیات، توانائی اور تحقیق کی نئی راہیں کھلیں گی جو انسانیت کی تقدیر بدل سکتی ہیں۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر دفاع نے ایک ذاتی پہلو بھی اجاگر کیا کہ وہ خود لکھنؤ سے ہیں اور شبھانشو شکلا بھی وہیں کے رہائشی اور ان کے حلقۂ انتخاب کے ووٹر ہیں۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ شبھانشو شکلا "بجرنگ بلی" کے بھکت ہیں اور خلا میں قیام کے دوران انہوں نے کئی بار "ہنومان چالیسہ" کا ورد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہنومان بھکت خلا کی بلندیوں کو چھو کر واپس آیا ہے، یہ صرف سائنسی ترقی نہیں بلکہ ہمارے ایمان کی بھی فتح ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ شبھانشو شکلا نے خلا میں رہتے ہوئے "میتھی" اور "مونگ" کی کاشت کا تجربہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ایک زرعی ملک ہے، مگر کسی نے یہ تصور نہیں کیا تھا کہ ہندوستان کا کوئی کسان خلا میں بھی کھیتی باڑی کرے گا۔

اس کامیابی کو وزیر دفاع نے ہندوستان کی زرعی، سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کا نیا باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج خلا محض طاقت کا مظہر نہیں بلکہ انسانی تہذیب کے اگلے سفر کا نشان بن چکا ہے۔ ہندوستان ہمیشہ سے دنیا کو "وسودھیو کٹمبکم" یعنی "ساری دنیا ایک خاندان ہے" کا پیغام دیتا آیا ہے، اور اب ہمارے سائنسدان اور خلاباز اس پیغام کو کائنات کی وسعتوں تک لے جا رہے ہیں۔