مرکز کو ہند-پاک ثالثی سے متعلق چین کے دعووں کی تردید کرنی چاہیے: اویسی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-01-2026
مرکز کو ہند-پاک ثالثی سے متعلق چین کے دعووں کی تردید کرنی چاہیے: اویسی
مرکز کو ہند-پاک ثالثی سے متعلق چین کے دعووں کی تردید کرنی چاہیے: اویسی

 



حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور لوک سبھا کے رکن اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی سے متعلق چین کا دعویٰ ملک کی توہین ہے اور مرکزی حکومت کو سخت الفاظ میں اس کی تردید کرنی چاہیے۔

اویسی نے کہا کہ بھارت کی عزت اور اس کی خودمختاری کی قیمت پر چین کے ساتھ تعلقات کو معمول پر نہیں لایا جا سکتا۔ بدھ کی دیر رات سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اویسی نے کہا، امریکی صدر (ڈونالڈ ٹرمپ) کی جانب سے ہمارے سامنے جنگ بندی کے اعلان اور امن کو یقینی بنانے کے لیے تجارتی پابندیوں کے استعمال کے دعوے کے بعد اب چین کے وزیر خارجہ بھی سرکاری طور پر اسی طرح کے دعوے کر رہے ہیں۔

یہ بھارت کی توہین ہے اور حکومت کو اس کی سختی سے تردید کرنی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چین بھارت اور پاکستان کو ایک ہی سطح پر رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور جنوبی ایشیا میں خود کو بالاتر طاقت کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے۔ اویسی نے سوال کیا،کیا وزیر اعظم کے چین کے دورے کے دوران مودی حکومت نے اسی بات پر رضامندی ظاہر کی تھی؟

حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اویسی نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کا ثالثی سے متعلق دعویٰ حیران کن ہے اور مرکزی حکومت کو باضابطہ طور پر اس کی تردید کر کے ملک کو یہ یقین دلانا چاہیے کہ کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے۔

دراصل چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے منگل کے روز کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ان “مسائل” کی فہرست میں شامل ہے جن پر چین نے اس سال ثالثی کی ہے۔ بھارت مسلسل یہ کہتا آیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان 7 سے 10 مئی تک فوجی تصادم ہوا تھا، جسے دونوں ممالک کی افواج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کے درمیان براہِ راست بات چیت کے بعد روک دیا گیا تھا۔