مرکز کو ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ اپنے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کو روکیں: فاروق عبداللہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
مرکز کو ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ اپنے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کو روکیں: فاروق عبداللہ
مرکز کو ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ اپنے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کو روکیں: فاروق عبداللہ

 



سری نگر/ آواز دی وائس
نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ مرکز کو چاہیے کہ وہ ریاستی حکومتوں کو یہ ہدایت دے کہ جب بھی ان کے اپنے علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پیش آئیں تو انہیں فوراً روکا جائے۔
عبداللہ نے سری نگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاستوں کو بتائے کہ ایسے واقعات کو روکا جانا چاہیے۔ وہ جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں ایک مسجد اور مدرسے پر مبینہ پتھراؤ کے واقعے پر تبصرہ کر رہے تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہم نے بارہا مرکز کو باور کرایا ہے کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے اور آئین تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق دیتا ہے۔ بنگلہ دیش کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ پڑوسی ملک میں پُرامن انتخابات ہوں گے تاکہ وہاں ایک نئی حکومت تشکیل پا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امن، دوستی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ڈھاکہ میں بننے والی نئی حکومت ہندوستان کے ساتھ دوستی کے ایک نئے راستے کی تلاش کرے گی۔ عبداللہ نے دعا کی کہ آنے والا نیا سال عوام کے لیے پچھلے سال سے بہتر ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے مسائل کم ہوں گے اور امن اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔