مرکزی حکومت کے ملازمین کا مہنگائی بھتہ بڑھا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
مرکزی حکومت کے ملازمین کا مہنگائی بھتہ بڑھا
مرکزی حکومت کے ملازمین کا مہنگائی بھتہ بڑھا

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت میں تقریباً ایک کروڑ سے زیادہ ملازمین اور پنشنرز کو مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) اور مہنگائی ریلیف (ڈی آر) میں تین فیصد اضافہ کی خوشخبری ملی ہے۔ بدھ کو مرکزی کابینہ نے ڈی اے کی شرح میں اضافہ کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ یکم جولائی سے واجب الادا مہنگائی الاؤنس کی شرح اب 55 فیصد سے بڑھ کر 58 فیصد ہو گئی ہے۔

مرکزی وزیر اشونی ویشنوا نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد پریس بریفنگ میں یہ معلومات دی ہیں۔ گزشتہ سال دیوالی پر مرکزی حکومت نے ملازمین کے مہنگائی الاؤنس اور پنشنرز کی مہنگائی ریلیف میں تین فیصد اضافہ کیا تھا، جبکہ اس سال پہلی جنوری سے مرکزی ملازمین کے ڈی اے میں دو فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ ڈی اے/ڈی آر کی شرح میں اضافے کا اعلان عموماً ہولی اور دیوالی کے موقع پر کیا جاتا ہے۔

تاہم، ڈی اے/ڈی آر کی شرح میں اضافہ ہر سال پہلی جنوری اور پہلی جولائی سے کرنے کا قانون ہے۔ اگر مقررہ وقت سے کچھ ماہ بعد ڈی اے کا اعلان کیا جاتا ہے تو سرکاری ملازمین کے کھاتوں میں اتنے ہی ماہ کا ایریئر جمع ہوتا ہے۔ مرکزی حکومت کے ملازمین کی تنظیموں کے نمائندگان کا کہنا ہے کہ ان الاؤنسز کو مقررہ وقت پر جاری نہ کر کے حکومت خود فائدہ کماتی ہے۔

کانفیڈریشن آف سینٹرل گورنمنٹ ایمپلائز اینڈ ورکرز کے جنرل سکریٹری ایس بی یادو نے بتایا کہ مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) کی شرح میں اضافہ کا اعلان جان بوجھ کر کئی ماہ کی تاخیر سے کیا جاتا ہے۔ اس سے حکومت کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ ڈی اے/ڈی آر میں اضافے سے حکومت پر ہزاروں کروڑ روپے کا بوجھ پڑتا ہے، اور یہ تاخیر حکومت کو سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرتی ہے جس پر اچھا خاصا سود حاصل ہوتا ہے۔

نظام کے مطابق، پہلی جنوری اور پہلی جولائی سے مہنگائی الاؤنس اور ریلیف میں اضافہ کرنا ضروری ہے، لیکن مرکزی حکومت ہر بار اس اعلان میں تین سے چار ماہ کی تاخیر کر دیتی ہے۔

اکھل بھارتیہ دفاع ملازمہ مہا سنگھ (اے آئی ڈی ای ایف) کے جنرل سکریٹری اور نیشنل کونسل (جے سی ایم) اسٹاف سائیڈ کے سینئر رکن سی شری کمار کے مطابق، حکومت کو اس معاملے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ جب پہلی جنوری اور پہلی جولائی سے ڈی اے میں اضافہ کرنا قانوناً ضروری ہے تو اس میں کئی ماہ کی تاخیر کیوں کی جا رہی ہے۔ اگر یہ الاؤنسز دینے میں تین سے چار ماہ کی تاخیر ہو جاتی ہے تو حکومت ہزاروں کروڑ روپے بچا لیتی ہے۔