نئی دہلی: معروف ادیب، ممتاز ناول نگار، شاعر اور فلمی مکالمہ نگار ڈاکٹر راہی معصوم رضا کی پیدائش کے سو سال مکمل ہونے کے موقع پر صد سالہ تقریبات کا باضابطہ آغاز جمعہ کو نئی دہلی کے پی ایچ ڈی ہاؤس میں ایک باوقار اور یادگار تقریب کے ساتھ کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام قومی ٹرسٹ "ماٹی" کی جانب سے کیا گیا، جس میں ادب، ثقافت، قانون، تعلیم، فنون اور سماجی زندگی سے وابستہ متعدد نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے راہی معصوم رضا کو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، قومی یکجہتی، انسان دوستی اور مشترکہ ثقافتی ورثے کا ایک روشن استعارہ قرار دیتے ہوئے ان کی ادبی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کا افتتاح راوی۔ بیاس واٹر ٹریبونل کے چیئرمین اور سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ونییت سرن نے شمع روشن کرکے کیا، جبکہ تقریب کی صدارت معروف کلاسیکی رقاصہ، پدم وبھوشن اعزاز یافتہ اور سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سونل مان سنگھ نے کی۔ افتتاحی تقریب میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ادیبوں، دانشوروں، فنکاروں، وکلا، اساتذہ، طلبہ اور سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
قومی ٹرسٹ "ماٹی" کے کنوینر آصف اعظمی نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ڈاکٹر راہی معصوم رضا کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں آئندہ ایک برس کے دوران ملک بھر میں سو سے زائد ادبی، ثقافتی، تعلیمی اور فکری پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد صرف ایک عظیم ادیب کی یاد تازہ کرنا نہیں بلکہ ان کی فکر، ان کے نظریات اور اتحاد، رواداری، محبت، انصاف اور سچائی کے پیغام کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانا بھی ہے۔ ان کے بقول راہی معصوم رضا کی تحریریں آج بھی معاشرے کو جوڑنے اور انسانیت کا درس دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر سونل مان سنگھ نے کہا کہ راہی معصوم رضا صرف ایک بڑے ادیب نہیں تھے بلکہ وہ اپنے عہد کی اجتماعی آواز اور ضمیر تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر چوپڑا کے شہرۂ آفاق ٹیلی ویژن سیریل "مہابھارت" کے لیے لکھے گئے ان کے مکالموں نے انہیں ہر گھر تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہی معصوم رضا کے قلم نے تاریخ، فلسفہ، تہذیب اور انسانی جذبات کو اس انداز میں پیش کیا کہ ان کے مشہور الفاظ "میں سمے ہوں" آج بھی وقت کی معنویت اور تاریخ کی گواہی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
افتتاحی خطاب کرتے ہوئے جسٹس ونییت سرن نے کہا کہ راہی معصوم رضا کی تخلیقات محض ادبی سرمایہ نہیں بلکہ انسانی زندگی، معاشرتی جدوجہد، دکھ، امید اور استقامت کی ایسی لازوال دستاویزات ہیں جو ہر دور کے قاری کو متاثر کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تحریریں آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، متحد اور باوقار ہندوستان کی تعمیر کے لیے فکری رہنمائی فراہم کرتی رہیں گی۔
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس سدھانشو دھولیا نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہی معصوم رضا کی اصل طاقت ان کی زبان تھی، کیونکہ وہ عوام کی زبان میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راہی نے اپنے قلم کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ جمہوریت صرف سیاسی نظام کا نام نہیں بلکہ باہمی احترام، مشترکہ اقدار، برداشت، انصاف اور انسانیت کے فروغ کا دوسرا نام ہے۔
نامور فلم ساز، مصور اور ہدایت کار مظفر علی نے کہا کہ راہی معصوم رضا نے سینما کے لیے مکالمے نہیں لکھے بلکہ انہوں نے فلموں میں شاعری کو زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم "گمان" میں مہاجر کے دکھ اور بے وطنی کے احساس سے لے کر "انجمن" میں ختم ہوتی تہذیب کی داستان تک، راہی معصوم رضا کے مکالمے صرف کرداروں کی گفتگو نہیں بلکہ تاریخ، تہذیب اور انسانی جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔
معروف ادیبہ اور شاعرہ ممتا کالیا نے کہا کہ راہی معصوم رضا نے اپنی تخلیقات کے ذریعے عام انسان کو ادب کا مرکزی کردار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ناول "آدھا گاؤں" اور "اوس کی بوند" ہندوستانی معاشرے کی ایسی تصویریں پیش کرتے ہیں جن میں محروم طبقات، دیہی زندگی، سماجی ناانصافیاں اور انسانی رشتوں کی نزاکت انتہائی حقیقت پسندانہ انداز میں محفوظ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہی معصوم رضا نے ان آوازوں کو قلم دیا جنہیں تاریخ اکثر نظرانداز کر دیتی ہے۔
انڈیا ہیبیٹیٹ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر کے۔ جی۔ سریش نے کہا کہ راہی معصوم رضا نے تقسیم ہند، ایمرجنسی اور دیگر حساس قومی موضوعات پر ہمیشہ بے خوف ہو کر لکھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کی وحدت، اس کی تہذیبی شناخت اور قومی یکجہتی پر کبھی سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔ ان کے نزدیک قلم کا اصل مقصد سچائی کا ساتھ دینا اور معاشرے کو جوڑنا تھا، اسی لیے ان کی ہر تحریر میں انسان دوستی، قومی ہم آہنگی اور مشترکہ تہذیب کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے۔
تقریب کا آغاز معروف گلوکارہ نوپور سدھو نارائن کی روح پرور موسیقی سے ہوا۔ انہوں نے راہی معصوم رضا کی منتخب غزلیں، بھجن اور فلمی نغمے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ تقریب کی نظامت پروفیسر رحمان مصور نے انجام دی اور اپنی منفرد اندازِ گفتگو سے پورے پروگرام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
اس موقع پر ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں ادیبوں، شاعروں، دانشوروں، فنکاروں، اساتذہ، طلبہ اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی اور راہی معصوم رضا کی ادبی، تہذیبی اور قومی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر راہی معصوم رضا یکم اگست 1927 کو پیدا ہوئے تھے اور 15 مارچ 1992 کو ان کا انتقال ہوا۔ وہ اردو اور ہندی ادب کی ان ممتاز شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے ناول، شاعری، فلمی مکالموں اور ٹیلی ویژن کے ذریعے ادب کو نئی جہت عطا کی۔ ان کے شہرۂ آفاق ناول "آدھا گاؤں"، "اوس کی بوند"، "نیم کا پیڑ" اور "کٹرا بی آرزو" آج بھی ادب کے اہم سرمایہ شمار کیے جاتے ہیں، جبکہ بی آر چوپڑا کے مقبول ٹیلی ویژن سیریل "مہابھارت" کے لیے تحریر کیے گئے ان کے مکالمے انہیں ہمیشہ ہندوستانی ادب اور ثقافت کی تاریخ میں ایک منفرد مقام عطا کرتے رہیں گے۔