گینگسٹرز کے نشانے پر سلیبرٹیز

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-09-2025
گینگسٹرز کے نشانے پر سلیبرٹیز
گینگسٹرز کے نشانے پر سلیبرٹیز

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دیشا پٹانی کے بریلی میں واقع گھر پر فائرنگ کے بعد یوپی پولیس میں ہڑبونگ مچی ہوئی ہے۔ گولڈی برار-روہت گودارا گینگ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے متعدد ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارنے کا عمل شروع کیا ہے۔ دیشا کے والد جگدیش سنگھ پٹانی نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات اس خوفناک ماحول کے بارے میں بتایا کہ 8-10 راؤنڈ فائرنگ کے بعد پورا خاندان کس طرح خوفزدہ رہا۔ اس واقعے نے حالیہ کچھ عرصے میں پیش آنے والے دیگر واقعات کی یاد تازہ کر دی۔
تفریحی دنیا سے منسلک شخصیات پر مسلسل حملے اور دھمکیاں سلیبرٹی سیکیورٹی اور قانون و انتظامیہ کے بارے میں سنگین سوالات کھڑے کر رہی ہیں۔ کبھی کھلے عام فائرنگ، کبھی جان لیوا حملے، اور کبھی دھمکیوں کا سلسلہ۔ ان واقعات کے روابط بین الاقوامی سطح کے گینگسٹرز سے جڑ رہے ہیں۔ یہ حملے صرف دیشا پٹانی یا سلمان خان جیسے بڑے ناموں تک محدود نہیں بلکہ اب ابھرتے ہوئے فنکار، یوٹیوبرز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دیشا پٹانی کے گھر فائرنگ
۔13 ستمبر 2025 کو بریلی میں اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر رات کے اندھیرے میں بائیک سوار بدماشوں نے تقریباً 7-10 گولیاں چلائیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس واقعے کی ذمہ داری فوری طور پر بدنام گینگسٹرز روہت گودارا اور گولڈی برار گینگ نے قبول کی، جو پہلے بھی کئی ہائی پروفائل جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ حملہ دیشا کی بہن خوشبو پٹانی کے کسی مذہبی رہنما کے متنازع بیان کے خلاف کیے گئے ٹویٹ یا کمنٹ سے جڑا ہو سکتا ہے۔ تاہم والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی خوشبو کے بیان کو غلط سیاق و سباق میں لیا گیا۔
ایلویش یادو کے گھر پر فائرنگ
بولی وڈ ہی نہیں، نئے دور کے سلیبرٹیز جیسے یوٹیوبرز بھی اب ان خطرات سے محفوظ نہیں ہیں۔ یوٹیوبر اور بگ باس ونر ایلویش یادو کے گروگرام میں واقع گھر پر اگست 2025 میں فائرنگ ہوئی تھی۔ انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے۔ اگرچہ ان معاملات میں جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن یہ دھمکیاں واضح کرتی ہیں کہ مجرمانہ گروہ اب اپنی رسائی تفریحی دنیا کے ہر کونے تک بڑھا رہے ہیں۔
راہول فزیل پوریا کو بھی نشانہ بنایا گیا
جولائی 2025 میں ہرینانہ کے گلوکار راہول فزیل پوریا پر گروگرام میں نامعلوم حملہ آوروں نے دو تین راؤنڈ فائرنگ کی۔ خوش قسمتی سے راہول اس واقعے میں محفوظ رہے۔ اکثر ان فنکاروں کا مقامی سطح پر بڑا اثر ہوتا ہے اور مجرم اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ واقعہ علاقائی فن و ثقافت سے منسلک لوگوں کی حفاظت کے حوالے سے بھی تشویش بڑھاتا ہے۔
کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ
اگست 2025 میں ہندوستانی کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا (سری، بی سی) میں واقع کیفے ' پر دوسری بار فائرنگ ہوئی۔ یہ واقعہ خاص طور پر تشویشناک ہے کیونکہ یہ براہِ راست سلیبرٹی کے کاروبار کو نشانہ بناتا ہے۔ بیرون ملک بھی ہندوستانی سلیبرٹیز کے اداروں پر حملہ ہونا ظاہر کرتا ہے کہ مجرمانہ نیٹ ورک بین الاقوامی سطح پر کام کر رہا ہے۔
سیف علی خان پر حملہ
جنوری 2025 میں سیف علی خان کے ممبئی میں واقع گھر میں گھس کر ان پر چھری سے حملہ ہوا۔ اگرچہ یہ واقعہ فائرنگ کا نہیں تھا، لیکن سلیبرٹی سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ سلیبرٹیز کو نہ صرف دور سے بلکہ ان کے نجی مقامات میں بھی جسمانی حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سلمان خان پر حملہ
اپریل 2024 میں بالی وڈ کے 'بھائی جان' کہلائے جانے والے سلمان خان کے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر بھی بائیک سوار مجرموں نے اندھادھند فائرنگ کی۔ یہ واقعہ دن دہاڑے ہوا اور اس نے ممبئی جیسے بڑے شہر کی سیکیورٹی پر سوالات کھڑے کیے۔ اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر گینگسٹر لارنس بشنوئی نے قبول کی، جس نے پہلے بھی سلمان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گجرات سے گرفتار کیا۔ سلمان خان طویل عرصے سے لارنس بشنوئی گینگ کے نشانے پر رہے ہیں۔
ان واقعات کے بعد لارنس بشنوئی، گولڈی برار اور روہت گودارا جیسے گینگسٹرز کا کھلے عام ذمہ داری قبول کرنا متعدد سوالات کو جنم دیتا ہے۔