عید ملن جیسی تقریبات سماج کو جوڑنے میں ادا کرتی ہیں اہم رول: دھرم گرو

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
عید ملن جیسی تقریبات سماج کو جوڑنے میں ادا کرتی ہیں اہم رول: دھرم گرو
عید ملن جیسی تقریبات سماج کو جوڑنے میں ادا کرتی ہیں اہم رول: دھرم گرو

 


پٹنہ: جماعت اسلامی ہندبہار کی جانب سے اتوار کو مرکز اسلامی میں عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف مذاہب کے دھرم گروؤں، سماجی کارکنوں اور معزز شخصیات سمیت مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔اس موقع پر بڑی پٹن دیوی مندرپٹنہ سیٹی کے مہنت وجے شنکر گیری نے تمام لوگوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ آپس میں مل جل کر جیسے رہتے آئے ہیں اسی طرح ہمیشہ رہیں گے۔

جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ عید خوشی کا نام ہے اور ایک دوسرے سے ملے بغیر عید کی خوشی مکمل نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک پلورل سوسائیٹی ہے۔ مختلف مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ خوشی اور غم میں شریک ہوتے ہیں۔ کثرت میں وحدت کا منظر ہندوستان کے علاوہ شاید کسی دوسرے ملک میں نظر آئے گا۔ یہی اس ملک کی خوبی ہے جسے ہمیشہ قائم رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک چمن کی مانندہے، جس میں طرح طرح کے پھول کھلتے ہیں۔ یہ چمن کے مالی کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام پھولوں کی آبیاری کو یقینی بنائے۔ بعض نادان پھولوں کے درمیان بھید بھاو کرتے ہیں۔ اسلام انسانوں کے درمیان احترام کی تعلیم دیتا ہے۔ رسول ﷺ نے فرمایا کہ تمام مخلوق اللہ کا کنبہ ہے۔ اللہ کے کنبہ کے ساتھ بھید بھاو اور تعصب کو روا رکھنا کسی بھی شریعت میں درست نہیں ہو سکتا۔

awaz

بہاردلت وکاس سمیتی کے فادر جوس نے کہا کہ آج نوجوانوں اور بچوں کے ذہن کو پراگندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایسے میں عید ملن جیسی تقریب وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یکجہتی اور بھائی چارے کو بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔

 پدم شری سودھا ورگیز نے کہا کہ حالات کو بہتر بنانے میں ہم سب کو مل جل کر کوشش کرنی چاہئے۔سماج کو مضبوط کرنا اور آگے لے جاناہم سب کی ذمہ داری ہے۔اسی سے ہم صحت مند نسل تیار کر سکتے ہیں۔

awazz

 سماجی کارکن کنچن بالانے کہا کہ آج حالات پہلے سے زیادہ نازک ہیں۔ ایسے میں ہمیں سماجی رشتوں کو اور مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس کے لئے ہمیں وقفہ وقفہ سے محلہ ٹولہ میں ٹی پارٹی کا اہتمام کرنا چاہیے جہاں ہم مل بیٹھ کر بات کر سکیں۔

 ڈاکٹر دھرو کمار نے کہا کہ بحرانی حالات سے ہمیں مل جل کر نمٹنے کا سلیقہ آنا چاہئے۔ ہمیں ہر حال میں بھائی چارہ کو برقرار رکھنا ہے۔ مقامی وارڈ کاؤنسلر اور دیگرسماجی کارکنان نے بھی مبارکبادیوں کا تبادلہ کیا۔

 آخر میں مہمانوں کی ٰضیافت سویوں اور دیگر پکوان کی گئی۔تقریب کی نظامت نسیم اختر نے کی۔