نئی دہلی: پورے ملک میں 79واں یومِ آزادی بڑے جوش و خروش اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔ ہر گلی، محلے، اسکول، کالج اور سرکاری اداروں میں ترنگا لہرایا گیا۔ اس بار بھی دیوبند سے آسام تک کشمیر سے کیرالہ تک تمام مدارس مساجد اور درگاہوں میں ترنگے پرچم لہراتے نظر آئے, مساجد، مدارس اور درگاہوں میں بھی آزادی کا جشن خاص انداز میں منایا گیا اور مساجد کے گنبدوں پر ترنگا لہراتا ہوا دکھائی دیا۔
لکھنؤ میں 79واں یومِ آزادی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر میں جگہ جگہ ترنگا لہرایا گیا۔ مختلف مدارس اور مذہبی مقامات پر بھی قومی پرچم فہرایا گیا۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء میں نائب پرنسپل مولانا عبدالعزیز ندوی نے پرچم کشائی کی، جبکہ اسلامک سینٹر آف انڈیا میں مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر مدرسہ بورڈ کے رکن قمر علی سمیت بڑی تعداد میں علما اور طلبہ موجود تھے۔
پرچم کشائی کے بعد دارالعلوم ندوہ کالج میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر مدرسے کے استاد مولانا خالد غازی پوری نے کہا کہ آج ہم جشنِ آزادی منا رہے ہیں۔ 1857 کی جنگِ آزادی میں پچاس ہزار سے زیادہ مسلم علما نے جامِ شہادت نوش کیا، جس سے قوم میں ملک پر قربان ہونے کا پیغام گیا۔ آج ہم جو آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں یہ ہمارے شہیدوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ہمارے بزرگوں نے انگریزوں کے ظلم کو ہنستے ہوئے برداشت کیا اور پھانسی کے پھندے کو قبول کیا لیکن ڈرے نہیں۔
اسلامک سینٹر آف انڈیا کے صدر مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ آزادی کے دیوانوں کی قربانیوں کی داستان ہر بچے تک پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے کہ آزاد ہندوستان میں ہم پوری آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ملک کو آزاد کرانے میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سبھی مذاہب کے لوگوں نے قربانیاں دیں۔ اب ہم سب کو مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانا ہے۔
میرٹھ میں جمعہ کے روز لساڑی گیٹ علاقے کی شالی مار گارڈن کی گلی نمبر 1 میں واقع مدرسہ جامعہ ابوبکر صدیق میں خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔ شوکت کالونی اور اتفاق نگر کے مدرسہ جامعہ عربیہ دارالقرآن میں بھی جشن آزادی کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح رفیقیہ مختاصل، مسجد حمزہ اور سمر گارڈن میں واقع مدرسہ دارِ ارقم میں بھی آزادی کا جشن دھوم دھام سے منایا گیا۔
سنبھل کے محلہ تھیر میں واقع مرکزی مدرسہ اہل سنت اجمل العلوم نے اس سال یومِ آزادی کو ایک انوکھے انداز میں منایا، جہاں عام دنوں میں مطالعہ اور کلاس روم کی سرگرمیاں نظر آتی ہیں، وہاں جشنِ آزادی کے موقع پر فضا حب الوطنی کے ترانوں اور ترنگے کی رونق سے جگمگا اٹھی۔
صبح سویرے پرچم کشائی کے بعد آسمان پر ترنگا لہرانے لگا تو بچوں کی آوازیں ’’جن گن من‘‘ کے ترانے سے گونجنے لگیں۔ اس کے بعد جب ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ گایا گیا تو ماحول پوری طرح آزادی کے رنگ میں ڈوب گیا۔ مدرسے کی دیواروں، کمروں اور صحن کو ترنگی پتنگوں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، گویا پورا مدرسہ ایک ’’منی ہندوستان‘‘ بن گیا ہو۔
بچوں نے آزادی پر تقاریر بھی پیش کیں۔ خاص بات یہ رہی کہ تقریریں صرف ہندی تک محدود نہ تھیں بلکہ انگریزی میں آزادی کی اہمیت بیان کی گئی، اردو میں شہداء کی قربانیوں کا تذکرہ ہوا اور عربی میں خطابات نے تقریب کو مزید بامعنی بنا دیا۔ ننھے طالب علم رنگ برنگی ٹوپیاں پہنے ہاتھوں میں ترنگا تھامے ’’ہندوستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ان کی آنکھوں میں ہندوستان کا خواب اور دلوں میں قربانی کا جذبہ جھلک رہا تھا۔
پروگرام کے دوران مفتی عالم راجہ نوری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے مدارس نے تحریکِ آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور علمائے کرام نے اس مٹی کو اپنے خون سے سیراب کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو یاد دلایا کہ آج کا دن صرف جشن منانے کا نہیں بلکہ اس عزم کو تازہ کرنے کا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ملک کی خدمت بھی ان کی اولین ذمہ داری ہے۔
آخر میں اجتماعی دعا ہوئی جس میں ملک کی ترقی، امن اور بھائی چارے کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی۔ سنبھل کا یہ منظر ایک انوکھا پیغام دیتا ہے کہ جب دلوں میں حب الوطنی کی شمع روشن ہو تو نہ عمر اور نہ مقام رکاوٹ بنتے ہیں۔ مدرسہ ہو یا کوئی اور ادارہ، جشنِ آزادی ہر دل کی دھڑکن میں یکساں طور پر محسوس ہوتا ہے۔
مہاراج گنج کے مدارس میں قومی پرچم لہرایا گیا۔
بھارت-نیپال سرحد پر واقع سوناولی کے مدرسہ الجامعۃ النزامیہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مدرسے میں سب سے پہلے حکومت کی ہدایات کے مطابق پرچم کشائی کی گئی۔ مسلم طلبہ و طالبات نے قومی ترانہ پیش کیا اور ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ کے نعرے لگائے۔ سبھی طلبہ کے ہاتھوں میں ترنگا تھا اور ان کے چہروں پر حب الوطنی کے جذبات جھلک رہے تھے۔مدرسے کے پرنسپل شمس الحق نے کہا کہ یہ دن مدرسے کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے لیے بے شمار جانباز سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ پروگرام میں آزادی کے متوالوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ترنگے کے احترام کا عہد کیا گیا۔
کانکیر
چھتیس گڑھ کے ضلع کانکیر کی جامع مسجد میں پہلی بار یومِ آزادی کے موقع پر ترنگا لہرایا گیا۔ یہ اقدام چھتیس گڑھ وقف بورڈ کی ہدایت پر کیا گیا جس کے تحت ریاست بھر کی مساجد اور مدارس میں قومی پرچم فہرایا گیا۔ کانکیر انجمن اسلامیہ کمیٹی کے صدر جاوید میمن نے اسے ایک ’’قابلِ فخر لمحہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسجد سے ترنگا لہرانا قوم پرستی کی علامت ہے اور آئندہ بھی ہر قومی تہوار پر پرچم کشائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گوہاٹی
سیجوباری ہاؤسنگ اسٹیٹ، گوہاٹی کی مسجد رحمت اور درگاہ ظاہر اولیاء میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مسجد رحمت میں پرچم کشائی کے بعد دن بھر چھوٹے بڑے سبھی افراد نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ درگاہ ظاہر اولیاء پر خادمِ اعلیٰ نے ترنگا لہرایا، قومی ترانہ پڑھا اور ملک میں امن و بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کی۔ مسجد رحمت کمیٹی نے اہلِ وطن سے ہم آہنگی اور یکجہتی قائم رکھنے کی اپیل بھی کی۔
مظفر نگر
اتر پردیش کے مظفر نگر میں واقع مدرسہ محمودیہ ثروت میں یومِ آزادی کی تقریب بڑی دھوم دھام سے منعقد ہوئی۔ صبح آٹھ بجے جیسے ہی قومی پرچم لہرایا گیا، پورا مدرسہ ’’جن گن من‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ طلبہ نے ہاتھوں میں ترنگا تھامے حب الوطنی کے نغمے گائے۔ وطن دوستی کے جذبے سے سرشار اس پروگرام میں اساتذہ اور طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔