کورونا کے سبب بقرعید احتیاط کے ساتھ منائیں۔ مولانا ارشد مدنی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2021
مولانا ارشد مدنی کی اپیل
مولانا ارشد مدنی کی اپیل

 

 

 نئی دہلی ۔ دیو بند/ عبدالحئ خان ۔ فیروز خان

 جمعیتہ علماء ہند کے قائد اور سربراہ مولانا ارشد مدنی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہےکہ کورونا ابھی ختم نہیں ہواہے اس لۓ مسجدوں یا عید گاہوں میں وزارت صحت کی طرف سے دی گئ گائڈ لائن کو سامنے رکھتے ہوۓ عیدلا ضحی کی نماز ادا کریں۔

 زیادہ بہتر ہے کہ سورج نکلنے کے بیس منٹ کے بعد مختصر طریقہ پر نماز وخطبہ ادا کر کے قربانی کرلی جاۓ اور آلائش کو اس طرح دفن کیا جاۓکہ اس سے بد بو نہ پھیلے۔ممنو عہ جانور کی قر با نی سے منع کیا گیا ہے۔اسکے علاوہ انتظامیہ کی ہدایات کا پورا خیال رکھا جاۓ۔

 کورونا کی نئ لہر کے پیش نظر ملک میں عید اضحی اجتماعی طور پر نہ منانے کی کوششیں مسلمانوں اور انتظامیہ دونوں کی طرف سے جاری ہیں۔

 دوروز قبل کانپور میں مسلم رہنماؤں نے انتظامیہ کو عرضداشت پیش کی ہے کہ وہ گھروں ہی میں نماز پڑھیں گے جس طرح عید پر پڑھی تھی تاکہ کورونا کے بڑھتے خدشات سے بچا جاسکے۔

راجستھان میں لگی روک

 اسی طرح راجستھان سر کار نے کورونا کی تیسری لہر کے خطرات کو دیکھتے ہوۓ کانوڑ یاترا اور عیداضحی سمیت سبھی مذہبی تقریبات اور سبھاؤں پر روک لگا دی ہے۔اعلان کے مطابق متھرا کے گووردھن علاقہ میں ہر سال لگنے والا مدیا پونو میلہ اس سال نہیں لگے گا۔چتر ماس اتسو کے لۓ بھی بھکتوں کو جمع نہیں ہو نے دیا جاۓ گا۔اتراکھنڈ میں بھی کانوڑیاترا لگا تار دوسری بار منسوخ کی گئ ہےاور یو پی میں کانوڑ یاترا پر فیصلہ آج کل میں ہو جاۓ گا کیونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ۔

دیو بند میں ملی اجازت

فیروز خان کی اطلاع کے مطابق دیو بند میں عیدالاضحی کی نماز سے متعلق ہدایات ملنے کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ڈی ایم سہارنپور اکھلیش سنگھ نے عیدگاہ میں پچاس فرزندان توحید کو نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جس پر عیدگاہ کمیٹی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عید گاہ کمیٹی کے سکیٹری محمد انس صدیقی نے بتایا کہ انتظامیہ نے عید گاہ میں پچاس فرزندان توحید کو نماز عید الاضحی کی اجازت دی ہے اس لئے زیادہ لوگ عید گاہ میں نہ آئیں۔انہوں کہا کہ اگر موسم صاف رہا اور بارش نہیں ہوئی تو حکومت و انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق عید گاہ میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی جائے گی۔

وہیں دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہا کہ جو لوگ عید گاہ میں نماز نہیں ادا کر پائیں گے وہ لوگ کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں اور مسجدوں میں ہی نماز عید الاضحی ادا کریں۔انہوں نے مسلمانوں سے کھلے میں قربانی نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کورونا کا پوری طرح خاتمہ نہیں ہوا ہے اس لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے صاف صفائی پر خصوصی دیں،ذبیحہ کے باقیات کو ایک جگہ دفن کریں،گوشت کی بے حرمتی ہر گز نہ ہونے دیں ساتھ ہی پابندی شدہ جانور کی قربانی نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کا تہوار حق کے راستہ پر چلنے کا سبق دیکر اپنی برائیوں کو ختم کرنے اور اتحاد کا پیغام دینے والا تہوار ہے،اس میں لوگوں کو چاہئے کہ آپس میں مل جل اپنی خوشیاں منائیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق قربانی کرکے اپنا فرض ادا کریں۔