ممبئی: بھاری فروخت کے دباؤ کے باعث مقامی شیئر بازاروں میں پانچ دن سے جاری تیزی جمعرات کو تھم گئی اور بی ایس ای سینسیکس 931 پوائنٹس گر گیا، جبکہ این ایس ای نفٹی 222 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔ مغربی ایشیا میں جنگ بندی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے درمیان مالیاتی، بینکنگ اور آئی ٹی شعبوں کے شیئرز میں فروخت کے باعث بازار میں گراوٹ دیکھی گئی۔
ایشیا اور یورپ کے دیگر بازاروں میں کمزور رجحان، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی مسلسل نکاسی نے بھی گھریلو بازار میں سرمایہ کاروں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ 30 شیئرز پر مشتمل بی ایس ای سینسیکس 931.25 پوائنٹس یعنی 1.20 فیصد گر کر 76,631.65 پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 1,215 پوائنٹس گر کر 76,347.90 تک پہنچ گیا تھا۔ این ایس ای نفٹی 222.25 پوائنٹس یعنی 0.93 فیصد گر کر 23,775.10 پر بند ہوا۔ لبنان پر اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کے بعد جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال مزید بڑھ گئی ہے۔
جیوجیت انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ ونود نائر نے کہا، "جنگ بندی سے جو امیدیں وابستہ تھیں، وہ اب مدھم پڑ گئی ہیں کیونکہ امریکہ-ایران کشیدگی دوبارہ بڑھنے اور آبنائے ہرمز پر پابندیوں کے باعث خام تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئی ہیں، جس سے بھارت میں مہنگائی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "ملکی سطح پر منافع وصولی، 10 سالہ بانڈ کی پیداوار میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی نے قلیل مدتی خطرہ لینے کے رجحان کو کم کر دیا ہے۔ گزشتہ سیشن کی تیز رفتار بڑھوتری کے بعد مالیاتی شعبے میں گراوٹ دیکھی گئی، جس کی ایک وجہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل فروخت ہے۔
سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں انٹرگلوب ایوی ایشن، لارسن اینڈ ٹوبرو، ایٹرنل، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک اور کوٹک مہندرا بینک کے شیئرز نمایاں طور پر گرے۔ دوسری جانب، بھارت الیکٹرانکس، پاور گرڈ، این ٹی پی سی اور ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز کے شیئرز میں تیزی دیکھی گئی۔ بی ایس ای اسمال کیپ سلیکٹ انڈیکس 0.26 فیصد بڑھا جبکہ مڈ کیپ انڈیکس 0.15 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ ل
ائیو لانگ ویلتھ کے بانی اور ریسرچ اینالسٹ ہری پرساد کے نے کہا، "امریکہ-ایران جنگ بندی پر اعتماد کم ہونے کے باعث سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اپنایا اور مقامی بازاروں میں مسلسل پانچ دن سے جاری تیزی رک گئی۔ گزشتہ سیشن کی زبردست تیزی کے بعد آج کی گراوٹ بنیادی طور پر منافع وصولی کا نتیجہ ہے۔ غیر یقینی ماحول میں نئے خطرات لینے کے بجائے سرمایہ کاروں نے منافع نکالنے کو ترجیح دی۔
عالمی معیار کے برینٹ کروڈ کی قیمت 3.27 فیصد بڑھ کر 97.85 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ ایشیا کے دیگر بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکئی، چین کا شنگھائی ایس ایس ای کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ یورپ کے بڑے بازاروں میں دوپہر کے وقت مندی کا رجحان رہا، جبکہ امریکی بازار بدھ کو نمایاں تیزی کے ساتھ بند ہوئے تھے۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (FII) نے بدھ کو 2,811.97 کروڑ روپے کے شیئرز فروخت کیے، جبکہ گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (DII) نے 4,168.17 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔ بدھ کے روز سینسیکس 2,946.32 پوائنٹس بڑھ کر 77,562.90 پر بند ہوا تھا، جبکہ نفٹی 873.70 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 23,997.35 پر بند ہوا تھا۔