چائلڈ پورنوگرافی کیس میں سی بی آئی کی76مقامات پرچھاپہ ماری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2021
چائلڈ پورنوگرافی کیس میں سی بی آئی کی76مقامات پرچھاپہ ماری
چائلڈ پورنوگرافی کیس میں سی بی آئی کی76مقامات پرچھاپہ ماری

 

 

نئی دہلی: آن لائن چائلڈ پورنوگرافی کیس میں سی بی آئی بیک وقت ملک کی 14 ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام علاقوں کے 76 مقامات کی تلاشی لے رہی ہے۔ 14 نومبر کو تفتیشی ایجنسی نے اس معاملے میں 83 ملزمان کے خلاف 23 مقدمات درج کیے تھے۔

سی بی آئی جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تلاشی مہم چلا رہی ہے ان میں آندھرا پردیش، دہلی، اتر پردیش، پنجاب، بہار، اڈیشہ، تمل ناڈو، تمل ناڈو، راجستھان، مہاراشٹر، گجرات، ہریانہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور ہماچل پردیش شامل ہیں۔

حال ہی میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 2019 کے مقابلے 2020 میں ملک بھر میں بچوں کے خلاف سائبر جرائم میں 400 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ان میں سے زیادہ تر معاملات بچوں کے جنسی مواد کی اشاعت اور ترسیل سے متعلق ہیں۔ 2020 کے این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق، بچوں کے خلاف سائبر پورنوگرافی کے سب سے زیادہ کیس اتر پردیش (161، مہاراشٹر، 123، کرناٹک 122 اور کیرالہ 101) میں درج کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ اوڈیشہ میں 71، تمل ناڈو میں 28، آسام میں 21، مدھیہ پردیش میں 20، ہماچل پردیش میں 17، ہریانہ میں 16، آندھرا پردیش میں 15، پنجاب میں 8، راجستھان میں 6 کیس رپورٹ ہوئے۔

ان میں سے کیرالہ اور کرناٹک کو چھوڑ کر دیگر ریاستوں میں آج چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آج گجرات اور دہلی میں بھی سی بی آئی کی جانچ جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس یویو للت نے کہا تھا کہ یہ صرف بچوں کی اسمگلنگ اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی نہیں ہے، چائلڈ پورنوگرافی ایسی چیز ہے جس پر غور کیا جانا چاہیے۔