سی بی آئی نے 3 شہروں میں 12 مقامات پر چھاپے مارے

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-09-2025
سی بی آئی نے 3 شہروں میں 12 مقامات پر چھاپے مارے
سی بی آئی نے 3 شہروں میں 12 مقامات پر چھاپے مارے

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی تفتیشی ایجنسی  کی جانب سے بڑے بلڈرز اور بینکوں کے ملازمین کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے ہزاروں گھر خریداروں سے دھوکہ دہی کے معاملات میں متعدد شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ چھاپے ممبئی کے علاوہ کولکاتا اور بنگلور میں بھی کیے جا رہے ہیں۔ سی بی آئی نے خریداروں کے ساتھ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کرنے کے معاملے میں 6 مقدمات درج کیے ہیں اور تین شہروں میں 12 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
تفتیشی ایجنسی کی جانب سے اس کارروائی کا مقصد بلڈرز اور مالیاتی اداروں (بینکوں) کے اہلکاروں کے درمیان ہوئی ساز باز کی جانچ کرنا ہے۔ ممبئی، کولکاتا اور بنگلور میں جن 6 بلڈرز کے یہاں سی بی آئی کی چھاپہ ماری ہو رہی ہے، اس میں بنگلور میں درج شدہ 3 کمپنیاں شامل ہیں: ایتھاکا ایسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، اربن ہومز (انڈیا) اور اوزون اربانا انفرا ڈیویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ۔ اس کے علاوہ، ممبئی میں درج شدہ کمپنی ششوتی رئیلٹی پرائیویٹ لمیٹڈ (پروجیکٹ بنگلور میں)، کولکاتا میں درج شدہ  ایم کے ایچ ایس ہاؤسنگ ایل ایل پی اور ممبئی کی اے سی ایم ای ریئلٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شامل ہیں۔
دھوکہ کھانے والے خریدار سپریم کورٹ پہنچے
ہندوستان بھر میں ہزاروں ہوم بائرز (گھر خریدنے والے) بلڈرز کے جھانسے میں آ کر نہ صرف اپنی جمع پونجی کھو بیٹھے بلکہ بینکوں کی سخت وصولی کارروائی کا بھی شکار ہوئے۔ اس صورتحال سے پریشان ہو کر کئی خریدار سپریم کورٹ پہنچے۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران پایا کہ بلڈرز اور بینکوں کی ملی بھگت سے “سبوینشن اسکیم” کے نام سے منصوبہ بنایا گیا جس کے ذریعے لوگوں کو پھنسایا گیا۔
کورٹ نے اسی سال اپریل میں سی بی آئی کو معاملے کی جانچ کرنے کا حکم دیا تھا۔ سی بی آئی نے اس کے بعد 7 ابتدائی تفتیشیں شروع کیں، جن میں سے 6 تفتیشیں دہلی-این سی آر کے بلڈرز کے خلاف تھیں۔
دھوکہ دہی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے سخت ہدایات
ملک کی سب سے بڑی عدالت کی جانب سے ہدایات جاری ہونے کے بعد سی بی آئی نے پہلے ہی 22 مقدمات درج کیے تھے جن کی جانچ جاری تھی۔ اب ساتویں تفتیش مکمل ہونے کے بعد، جس میں دہلی-این سی آر کے باہر کے بلڈرز سے متعلق معاملہ شامل تھا، سی بی آئی نے سپریم کورٹ کو رپورٹ سونپی اور رپورٹ دیکھنے کے بعد عدالت نے 6 نئے مقدمات درج کرنے کا حکم دیا۔
اسی حکم کے تحت سی بی آئی نے آج ہفتہ کے روز ممبئی، کولکاتا اور بنگلور میں کئی بلڈرز اور بینکوں کے نامعلوم اہلکاروں کے خلاف 6 مقدمات درج کیے اور 12 مقامات پر چھاپے مارے۔ سی بی آئی کی چھاپہ ماری کے دوران کئی اہم دستاویزات اور الیکٹرانک شواہد بھی ضبط کیے گئے ہیں۔