سپریم کورٹ کی سرزنش کے بعد سی بی آئی نے دو مفرورافسران کو گرفتار کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
سپریم کورٹ کی سرزنش کے بعد سی بی آئی نے دو مفرورافسران کو گرفتار کیا
سپریم کورٹ کی سرزنش کے بعد سی بی آئی نے دو مفرورافسران کو گرفتار کیا

 



نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ اس نے حراست میں ایک نوجوان کی موت کے معاملے میں طویل عرصے سے مفرور دو پولیس افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس نے 15 مئی کو ہی گرفتاری کا حکم دیا تھا، مگر اب اس کی سخت تبصروں کے بعد ہی یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

عدالت نے سی بی آئی سے پوچھا ہے کہ آخر اتنی تاخیر کیوں ہوئی؟ ساتھ ہی مدھیہ پردیش حکومت سے بھی یہ وضاحت مانگی ہے کہ اس نے ان پولیس افسران کے خلاف کیا محکمہ جاتی کارروائی کی ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 6 نومبر کو ہوگی۔ یہ معاملہ مدھیہ پردیش کے گنا ضلع کے میانہ تھانے کا ہے، جہاں دیوا پاردھی نامی نوجوان کی پولیس حراست میں موت ہو گئی تھی۔

گزشتہ سال 14 جولائی کو دیوا کو چوری کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ اس کے چچا گنگارام کو بھی پولیس نے پکڑا تھا۔ الزام ہے کہ پولیس کی حراست میں مارپیٹ کے نتیجے میں 24 سالہ دیوا نے دم توڑ دیا۔ موقعے کی مجسٹریٹ انکوائری میں الزامات کی ابتدائی تصدیق کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی، لیکن تحقیقات سست روی سے آگے بڑھائی گئی۔ ایف آئی آر میں ملوث پولیس اہلکاروں کے نام بھی مکمل طور پر نہیں لکھے گئے۔

تھانہ انچارج انسپکٹر سنجیت مَوئی اور سب انسپکٹر اُتم سنگھ کُشواہا کو نہ معطل کیا گیا اور نہ گرفتار۔ دیوا کی ماں انسُرا بائی نے انصاف کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ عدالت نے 29 اپریل کو دونوں افسران کی گرفتاری کا حکم دیا، اور 15 مئی کو کیس کی تفتیش سی بی آئی کو سونپ دی۔

سی بی آئی نے واقعے میں ملوث انسپکٹر زبیر خان، سب انسپکٹر دیوراج سنگھ پریہار سمیت کچھ دیگر افراد کو گرفتار کیا، مگر مَوئی اور کُشواہا تاحال مفرور تھے۔ انسُرا بائی نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہ ہونے پر توہین عدالت کی عرضی دائر کی۔ 26 ستمبر کی سماعت میں سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ اس نے دونوں مفرور افسران مَوئی اور کُشواہا پر دو دو لاکھ روپے کا انعام رکھا ہے۔

جسٹس بی وی ناگرتنا اور آر مہادیون کی بنچ نے سی بی آئی اور مدھیہ پردیش حکومت کے جوابات پر عدم اطمینان ظاہر کیا اور انہیں 7 اکتوبر تک کا وقت دیا تھا۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اس کے بعد کوئی پیش رفت نہ ہوئی، تو ریاست کے ڈی جی پی اور سی بی آئی کے ڈائریکٹر کو ذاتی طور پر عدالت میں طلب کیا جا سکتا ہے۔