کورونا سے نجات کے لیے ہم سب احتیاط کریں: مولانافیصل رحمانی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-01-2022
کورونا سے نجات کے لیے ہم سب احتیاط کریں: مولانافیصل رحمانی
کورونا سے نجات کے لیے ہم سب احتیاط کریں: مولانافیصل رحمانی

 


آواز دی وائس، پٹنہ

کورونا کی دوسری لہر کے بعد حالات ٹھیک ہوگئے تھے اور دھیرے دھیرے تعلیمی نظام اپنے معمول پر آچکا تھا لیکن تیسری لہر نے ایک بار پھر بے یقینی کی صورت حال پیدا کردی ہے،ضروری ہے کہ جب تک حالات درست نہ ہوں،تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم کا نظم کریں تاکہ طلبہ کا نقصان نہ ہو اور طلبہ بھی اپنے وقت کو تعلیمی امورمیں صرف کریں،وقت کی حفاظت اور اس کا استعمال ان کے مستقبل کے لیے اہم ہے-

یہ باتیں امیر شریعت بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل نے کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاط کریں اور جو بھی طبی ہدایات جاری کی جارہی ہیں ان پر عمل کریں،اپنی حفاظت، اپنے اہل خانہ کی حفاظت بہت اہم ہے۔

مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے آج وزیر اعلی بہار نتیش کمار کی فون پر مزاج پرسی بھی کی اور ان کی صحت دریافت کی، انہوں نے وزیر اعلیٰ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح ہوکہ وزیراعلی نتیش کمار کورونا پازیٹو ہوگئے ہیں۔

انہوں نے تفصیلی مزاج پرسی کے ساتھ مزید کہا کہ ہم سب آپ کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں اور دعاء گو ہیں کہ اللہ تعالی اس وبا سے جلد ازجلد ریاست، ملک بلکہ پوری دنیا کو پاک کرے اور ہم سبھوں کو وباسے امان میں رکھے، انھوں نے جلد وزیراعلی کے روبہ صحت ہونے کی خواہش کرتے ہوے کہاکہ کورونا وبا نے جہاں معیشت کو متاثر کیا ہے وہیں تعلیمی نظام کو بھی ازحد متاثر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرا علیٰ کا خانقاہ رحمانی سے گہرا تعلق رہا ہے،والد صاحب سے بھی اچھا تعلق تھا اور وہ بڑی عقیدت سے خانقاہ رحمانی تشریف لاتے رہے ہیں۔ ایسے نازک حالات میں جب پوری دنیا کورونا وائرس کے چپیٹ میں ہے بہار کے بھی بے شمار لوگ کورونا سے متاثر ہیں عوام کی صحت یابی کی فکر اور تدارک کے لیے وزیر اعلیٰ کا پوری طرح تندرست رہنا نہایت ضروری ہے۔اس وقت ڈاکٹرز کے مشورہ سے وزیر اعلیٰ نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔

مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے وزیر اعلیٰ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ریاست کے ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے مفاد کے لیے کیے جارہے کاموں میں امارت شرعیہ پوری طرح آپ کے ساتھ ہے، اور پوری مستعدی سے ہرممکن تعاون کو تیار ہے، امارت نے احتیاطی اقدامات کے لئے ڈاکٹرس کا ایک پینل تیار کیا ہے،آکسیجن کنسنٹریٹر اور آکسیجن سیلینڈر کے انتظام سمیت دیگر تیاریاں شروع کردی ہیں۔

انھوں نے خصوصا مسلمانوں سے اپیل کی کہ دعاؤں کااہتمام کریں، اللہ سے لو لگائیں اور ایسے موقعہ پر اپنے آس پڑوس اور رشتہ داروں کی ہرممکن مدد کریں،خدمت خلق کی بڑی اہمیت ہے، دینی بھی اور سماجی بھی،یہ وقت ایک دوسرے کے بھرپور تعاون کا ہے-خیال رہے کہ پیر کے روز بہار میں کووڈ کے4737 کیسیز سامنے آئے جبکہ پانچ افراد کی موت ہوئی۔اس لیے انہوں نے عوام سے بھی حکومت کی گائڈلائنس اور ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کی گزارش کی ہے۔

مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سلسلہ میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے لوگوں کو اب تک یہی ہدایت دی ہے کہ کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے دوسروں سے کم از کم 1 میٹر کا جسمانی فاصلہ رکھا جائے، اچھی طرح فٹ ہونے والا ماسک پہنا جائے،آلودگی اور ہجوم والی جگہوں سے بچا جائے، ہاتھ صاف رکھا جائے اور باری آنے پر ویکسین لینے میں کوتاہی نہ کی جائے۔

اخیر میں مولانا احمد ولی فیصل رحمانی اپنے تمام محبین، مخلصین اور خصوصاً اہل بہار سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور دیگر متاثرین کے لیے دعاء صحت کی اپیل کی ہے۔