مونگیر (بہار): بہار کے مونگیر ضلع میں مبینہ طور پر مویشیوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں چار پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں 35 بھینسوں سے لدے ایک ٹرک کو ضبط کیے جانے کے بعد عمل میں آئیں۔
ٹرک میں ٹھونس کر لے جائے جانے کے باعث پانچ بھینسیں ہلاک ہو گئی تھیں۔ گرفتار پولیس اہلکاروں میں ٹریفک پولیس میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) ایودھیا کمار اور ڈرائیور وملیش سنگھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہوم گارڈ کے جوان اروند یادو اور ابھیشیک کمار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان اہلکاروں کے ساتھ مقامی باشندے راکیش کمار، پڑوسی ضلع کھگڑیا کے امیت کمار اور محمد ضیاء الحق کے خلاف مفصل تھانے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات اور جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقامی انٹیلی جنس یونٹ سے موصول اطلاع کی بنیاد پر جمعرات کو مذکورہ ٹرک کو ضبط کیا گیا تھا۔
اس گروہ میں مبینہ طور پر شامل راکیش کمار کو سب سے پہلے موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے ٹرک کے بارے میں معلومات فراہم کیں، جس کے بعد پولیس نے ٹرک کو روک کر اس کے ڈرائیور امیت کمار اور معاون محمد ضیاء الحق کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مزید تفتیش کے دوران گرفتار افراد نے چاروں پولیس اہلکاروں کی مبینہ شمولیت کے بارے میں معلومات دیں۔ ان کے کال ریکارڈ کی جانچ سے اسمگلنگ گروہ کے ساتھ مبینہ تعلقات کی تصدیق ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کیے جانے کا امکان ہے۔