کاسٹ مردم شماری: صرف انتخابی نعرہ نہیں، کانگریس کی نظریاتی وابستگی:ملکارجن کھڑگے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2025
کاسٹ مردم شماری: صرف انتخابی نعرہ نہیں، کانگریس کی نظریاتی وابستگی:ملکارجن کھڑگے
کاسٹ مردم شماری: صرف انتخابی نعرہ نہیں، کانگریس کی نظریاتی وابستگی:ملکارجن کھڑگے

 



نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمانوں سے اپیل کی کہ وہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کے معاملے کو پوری حساسیت، حق گوئی اور ذمہ داری کے ساتھ عوام کے سامنے رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ محض انتخابی نعرہ نہیں بلکہ کانگریس کی نظریاتی وابستگی ہے، اور اسے ایک قومی عہد کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہاجب پورا ملک سماجی انصاف کی بات کر رہا ہے تو کانگریس کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس بحث کو محض نعرے تک محدود نہ رکھے بلکہ اسے پالیسی کی سطح تک لے جائے۔ 'جتنی آبادی، اتنا حق' صرف نعرہ نہیں، بلکہ ایک قومی عہد ہونا چاہیے۔ کھڑگے نے واضح کیا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کوئی نیا موضوع نہیں ہے۔ کانگریس نے اسے مختلف فورمز پر، خواہ وہ انتخابی منشور ہوں یا پارلیمان، سڑک ہو یا کوئی اور پلیٹ فارم — ہمیشہ اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ انہوں نے اپریل 2023 میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ فوری طور پر جاتی مردم شماری شروع کی جائے، کیونکہ جب تک درست اعداد و شمار سامنے نہیں آئیں گے، کوئی حکومت یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ وہ سب کو انصاف دے رہی ہے۔

کانگریس صدر نے کہا ہمیں یہ پوچھنا ہے کہ او بی سی، دلت اور آدیواسی طبقوں کی حکومت، میڈیا، عدلیہ، بیوروکریسی، کارپوریٹ اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کتنی شراکت داری ہے؟ اگر وہ اپنی آبادی کے مطابق نمائندگی حاصل نہیں کر پائے ہیں، تو اس کی وجہ کیا ہے؟ اور اس کا حل کیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اس کا حل صرف اعداد و شمار کی فراہمی سے ہی ممکن ہے۔ سچائی کو سامنے لانا، اعداد و شمار کو عام کرنا اور پھر ان کی بنیاد پر پالیسیوں کو نئے سرے سے تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کھڑگے نے اس بات پر زور دیا کہ جات پات پر مبنی مردم شماری کوئی رسمی یا شماریاتی مشق نہیں بلکہ جمہوریت کا اخلاقی فرض ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے زور دیا کہ آئین کے آرٹیکل 15(5) کو فوری طور پر نافذ کیا جانا چاہیے، تاکہ او بی سی، دلت اور آدیواسی طلبہ کو نجی تعلیمی اداروں میں بھی ریزرویشن کا حق حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریزرویشن کی 50 فیصد حد پر نئے اعداد و شمار کی روشنی میں دوبارہ غور ہونا چاہیے، کیونکہ جب سماجی حقائق بدل چکے ہیں، تو پالیسیوں کو بھی نئی حقیقتوں کے مطابق ڈھلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کی حد کو انصاف اور شفافیت دونوں کے اصولوں کے تحت متوازن انداز میں دیکھا جانا چاہیے۔ کانگریس صدر نے تلنگانہ کے جات پات پر مبنی سروے کو ایک کامیاب ماڈل قرار دیا، جس میں عوام، ماہرین اور حکومت کی مشترکہ شرکت رہی۔

انہوں نے کہا کہ مرکز کو بھی ایسا ہی جمہوری اور شفاف ماڈل اختیار کرنا چاہیے اور کانگریس اس میں مکمل تعاون کو تیار ہے۔ آخر میں، کھڑگے نے کانگریس کے ترجمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: آپ ہماری آواز ہیں، ہمارا نظریہ عوام تک پہنچانے والے سفیر ہیں۔ جات پات پر مبنی مردم شماری صرف سماجی انصاف کا سوال نہیں، بلکہ آئین کی روح کی حفاظت کی جنگ بھی ہے۔ اسے صرف انتخابی مسئلہ نہ سمجھیں بلکہ یہ ہماری نظریاتی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ مکالمہ پارٹی کی یکجہتی اور نظریاتی استقلال کا ثبوت ہے، اور عوام میں بیداری پھیلانے کے لیے یہ ایک مضبوط آغاز ہے۔