نئی دہلی/ آواز دی وائس
ٹی ایم سی کی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا کو عدالت سے بڑی راحت ملی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے مہوا موئترا کے خلاف سی بی آئی کی چارج شیٹ کے لیے لوک پال کی منظوری کو منسوخ کر دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے لوک پال کے اُس حکم کو کالعدم قرار دے دیا، جس کے تحت سی بی آئی کو کیش فار کوئری تنازع کے سلسلے میں مہوا موئترا کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ جسٹس انیل کھیترپال اور جسٹس ہریش ویدیہ ناتھَن شنکر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے لوک پال کی منظوری کے خلاف موئترا کی عرضی قبول کر لی۔
دہلی ہائی کورٹ نے لوک پال کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے پر دوبارہ غور کرے اور ایک ماہ کے اندر فیصلہ دے۔ واضح رہے کہ ٹی ایم سی رکنِ پارلیمنٹ مہوا موئترا نے 2024 کے مبینہ کیش فار کوئری معاملے میں لوک پال کی جانب سے دی گئی منظوری کے حکم کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
الزام: نقد رقم اور تحائف کے بدلے ایوان میں سوالات
جسٹس انیل کھیترپال اور جسٹس ہریش ویدیہ ناتھَن شنکر کی بنچ نے موئترا کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ حکم منسوخ کیا جاتا ہے۔ عدالت نے لوک پال سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ دفعات کے تحت لوک پال اور لوک آیوکت ایکٹ کی دفعہ 20 کے مطابق منظوری دینے کے معاملے پر ایک ماہ کے اندر غور کرے۔ مبینہ طور پر پیسے لے کر سوال پوچھنے کا یہ معاملہ اس الزام سے جڑا ہے کہ ٹی ایم سی رکنِ پارلیمنٹ نے ایک بزنس مین سے نقد رقم اور تحائف کے بدلے ایوان میں سوالات کیے تھے۔
لوک پال کی کارروائی میں واضح خامی
اس معاملے میں موئترا کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ لوک پال کی جانب سے اپنایا گیا طریقۂ کار واضح طور پر ناقص تھا۔ انہوں نے لوک پال اور لوک آیوکت ایکٹ کی دفعہ 20(7) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت منظوری دینے سے پہلے متعلقہ سرکاری اہلکاروں کی رائے لینا ضروری ہے۔ دوسری جانب، سی بی آئی نے اس عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوک پال کی کارروائی میں ٹی ایم سی کو دستاویزات پیش کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، انہیں صرف تبصرہ کرنے کا حق ہے، زبانی سماعت کا حق بھی نہیں ہے۔
۔2024 میں سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی تھی
سی بی آئی نے جولائی میں ٹی ایم سی رکنِ پارلیمنٹ موئترا اور بزنس مین درشن ہیرانندانی سے متعلق مبینہ کیش فار کوئری معاملے میں لوک پال کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔ لوک پال کی درخواست پر سی بی آئی نے 21 مارچ 2024 کو بدعنوانی سے بچاؤ کے قانون کی دفعات کے تحت دونوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ تفتیشی ایجنسی کا الزام ہے کہ موئترا نے بزنس مین سے رشوت اور دیگر ناجائز فائدے لے کر بدعنوان طرزِ عمل اختیار کیا۔