چنئی
تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ سی جوزف وجے نے پیر کے روز پولیس محکمہ کو ہدایت دی کہ جن افراد پر جنسی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں، ان کے خلاف فوری طور پر مقدمات درج کیے جائیں، تحقیقات تیزی سے مکمل کی جائیں اور قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دلائی جائے۔
کوئمبتور میں 10 سالہ بچی کے جنسی استحصال اور بہیمانہ قتل کے واقعے کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے سینئر حکام کے ساتھ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ملزمان کو قانون کے مطابق کڑی سزا دلائی جائے۔جائزہ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے اٹارنی جنرل کو بھی ہدایت دی کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم سے متعلق مقدمات کی سماعت میں تیزی لائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ احتیاطی اقدامات اور عوامی بیداری مہمات کو بھی فروغ دیا جائے۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ وجے نے حکام سے کہا کہ جنسی استحصال کے مقدمات کی فوری سماعت ہونی چاہیے اور مجرموں کو سخت سزا ملنی چاہیے، تاکہ یہ دوسروں کے لیے بھی عبرت اور روک تھام کا سبب بن سکے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری ایم سائی کمار، داخلہ سیکریٹری کے منی واسن، ایڈووکیٹ جنرل وجئے نارائن، سماجی بہبود اور خواتین کے حقوق کے محکمہ کی سیکریٹری مریم پلوی بلدیو، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سندیپ رائے راٹھور سمیت کئی اعلیٰ حکام موجود تھے۔