وارانسی (اتر پردیش): پارلیمنٹ احاطے میں ایودھیا کے رام مندر سے متعلق مبینہ چندہ چوری کے معاملے کی جانب توجہ دلانے کے لیے علامتی ڈرامہ پیش کرنے پر کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی، رکنِ پارلیمنٹ پپو یادو اور سماج وادی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ اودھیش پرساد کے خلاف وارانسی میں سناتن دھرم کی توہین کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) گورو بنسوال نے ہفتہ کو بتایا کہ سنتوں کی شکایت کی بنیاد پر راہل گاندھی، پپو یادو اور اودھیش پرساد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتوں نے کوتوالی تھانے میں تحریری شکایت دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ان تینوں رہنماؤں نے اپنے عمل سے سناتن دھرم کی توہین کی ہے۔
ڈی سی پی کے مطابق شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ جگت گرو بالک داس نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پپو یادو نے جس انداز میں بھگوان رام اور سناتن دھرم کی توہین کی، وہ ناقابلِ معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا عمل کوئی بھی سناتنی کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکینِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ احاطے میں ایودھیا کے رام مندر سے متعلق مبینہ چندہ چوری کے معاملے پر علامتی ڈرامہ پیش کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا تھا۔ اس دوران پپو یادو نے بھگوا لباس پہن کر پجاری کا کردار ادا کیا، جبکہ راہل گاندھی نے چندہ دیا۔ اس کے بعد پپو یادو چندے کا صندوق لے کر بھاگنے لگے، جنہیں دیگر اپوزیشن ارکان نے روک لیا۔ احتجاج کے دوران "چندہ چور، گدی چھوڑ" کے نعرے بھی لگائے گئے۔