نئی دہلی / آواز دی وائس
کانگریس رہنما راہل گاندھی بہار کے کئی اضلاع میں ووٹر ادھیکار یاترا نکال رہے ہیں۔ تاہم گزشتہ دنوں ریاست کے نوادہ ضلع میں یاترا کے دوران راہل گاندھی کی گاڑی سے ٹکر لگنے کے باعث ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ بی جے پی نے اس واقعے کو لے کر راہل گاندھی پر نشانہ بھی سادھا تھا۔ اب پولیس نے اس واقعے پر راہل گاندھی کی گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
دراصل منگل کے روز نوادہ میں راہل گاندھی کی یاترا کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل گاڑی کے سامنے گر گیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب راہل گاندھی کی یاترا بھگت سنگھ چوک سے گزر رہی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق، کانسٹیبل کو پانی پلانے کے بعد راہل گاندھی نے اسے اپنی گاڑی میں بٹھایا اور گاڑی آگے کی طرف بڑھ گئی۔
ڈرائیور پر کیس درج
پولیس نے جمعرات کو راہل گاندھی کے ڈرائیور کے خلاف کیس درج ہونے کی اطلاع دی۔ نوادہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ابھنو دھیمان نے کہا: "ہاں، ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تفصیلی معلومات بعد میں دی جائیں گی۔" دھیمان نے پہلے بتایا تھا کہ کانسٹیبل قافلے میں ایک گاڑی کے سامنے گر گیا تھا، جس سے گاڑی اس کے پیروں سے ہلکی سی ٹکرا گئی اور اسے چوٹیں آئیں۔
بی جے پی نے کسا تھا نشانہ
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی پر حملہ بولا تھا۔ بی جے پی رہنما شہزاد پوناوالا نے کہا تھا كہ راہل گاندھی کی کار نے ایک پولیس کانسٹیبل کو کچل دیا جو شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ ونس وادی اسے دیکھنے کے لیے بھی نیچے نہیں اترے۔ یہ ووٹر ادھیکار یاترا نہیں بلکہ جنتا کچلو یاترا ہے۔