مودی اور آر ایس ایس پر کارٹون:سپریم کورٹ سے کارٹونسٹ کو عبوری ضمانت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
مودی اور آر ایس ایس پر کارٹون:سپریم کورٹ سے کارٹونسٹ کو عبوری ضمانت
مودی اور آر ایس ایس پر کارٹون:سپریم کورٹ سے کارٹونسٹ کو عبوری ضمانت

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکنوں کے مبینہ طور پر قابلِ اعتراض کارٹون سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے ملزم کارٹونسٹ ہیمند مالویہ کو منگل کے روز عبوری ضمانت دے دی۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریہ کی بنچ نے اس بات کو نوٹ کیا کہ مالویہ نے اپنے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر معافی مانگ لی ہے۔

عدالت نے پولیس کو یہ اختیار دیا کہ اگر کارٹونسٹ تفتیش میں تعاون نہیں کرتے تو ان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دی جا سکتی ہے۔ مالویہ کی وکیل ورِندا گروور نے سماعت کے دوران عدالت سے کہا کہ ان کے مؤکل نے معافی مانگ لی ہے اور ابھی تک درخواست گزار کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج نے جواب دیا کہ تمام شواہد جمع کیے جانے کے بعد ہی سمن جاری کیا جائے گا۔

وکیل اور آر ایس ایس کارکن ونے جوشی کی جانب سے دائر ایک شکایت پر مئی میں اندور پولیس نے مالویہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ جوشی نے الزام لگایا تھا کہ مالویہ نے سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض مواد اپ لوڈ کر کے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑا۔ سپریم کورٹ کی جسٹس سدھانشو دھولیہ اور جسٹس اروند کمار پر مشتمل ایک بنچ نے کارٹونسٹ کو 15 جولائی کو تعزیری کارروائی سے تحفظ فراہم کیا تھا۔

منگل کو عدالت نے اس حکم کو ’’مستقل‘‘ قرار دے دیا۔ اس سے قبل عدالت نے مالویہ کی طرف سے دائر حلف نامے پر غور کیا تھا جس میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا اور دل سے معافی مانگی تھی۔ عدالت نے 15 جولائی کو سوشل میڈیا پر بڑھتی قابلِ اعتراض پوسٹس پر بھی تشویش ظاہر کی تھی اور اس پر قابو پانے کے لیے عدالتی حکم کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

کارٹونسٹ مالویہ نے 3 جولائی کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے انہیں عبوری ضمانت دینے سے انکار کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ایف آئی آر میں کئی ’قابلِ اعتراض‘ پوسٹس کا ذکر ہے جن میں بھگوان شِو پر مبینہ طور پر نامناسب تبصرے، ساتھ ہی کارٹون، ویڈیوز، تصویریں اور مودی، آر ایس ایس کارکنوں اور دیگر افراد کے بارے میں تبصرے شامل ہیں۔ ہائی کورٹ میں مالویہ کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ انہوں نے صرف ایک کارٹون پوسٹ کیا تھا، لیکن دیگر فیس بک صارفین کی جانب سے اس پر کی گئی تبصروں کے لیے انہیں ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔