سپریم کورٹ کی کارٹونسٹ کی سرزنش، مودی پر کیا تھا تبصرہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
سپریم کورٹ کی کارٹونسٹ کی سرزنش، مودی پر کیا تھا تبصرہ
سپریم کورٹ کی کارٹونسٹ کی سرزنش، مودی پر کیا تھا تبصرہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے پیر کے روز اندور کے ایک کارٹونسٹ کو زبانی طور پر سخت سرزنش کی، جن پر وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے بارے میں قابل اعتراض تبصرے اور ایک کارٹون شائع کرنے کے سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ان کا طرزِ عمل اشتعال انگیز اور غیر سنجیدہ تھا۔
جسٹس سدھانشو دھولیا اور جسٹس اروند کمار کی بنچ کارٹونسٹ ہیمنت مالویہ کی جانب سے دائر خصوصی اجازت کی عرضی پر سماعت کر رہی تھی۔ اس عرضی میں انہوں نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں انہیں فیس بک پر پوسٹ کیے گئے کارٹون کے معاملے میں قبل از گرفتاری ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔
جسٹس دھولیا اور جسٹس کمار نے دوران سماعت کہا کہ آپ نے ان لوگوں کا رویہ دیکھا ہے؟ ان میں کوئی حساسیت نہیں ہے۔ آپ یہ سب کیوں کرتے ہیں؟
ایسے لوگوں کی وجہ سے ہم آہنگی بگڑتی ہے
کارٹونسٹ کی طرف سے پیش ہونے والی وکیل ورِندا گروور نے عدالت سے کہا کہ ممکن ہے کہ یہ غلط ہو، لیکن کیا یہ جرم ہے؟ یہ قابل اعتراض ہو سکتا ہے، لیکن جرم نہیں ہے۔ میں صرف قانون کے پہلو پر بات کر رہی ہوں، کسی چیز کو درست نہیں ٹھہرا رہی۔
اس پر سپریم کورٹ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کی وجہ سے ملک میں ہم آہنگی بگڑتی ہے۔ بعد میں یہی لوگ کہتے ہیں کہ معافی مانگتے ہیں، مقدمہ ختم کر دو۔ ہم آج کچھ نہیں کر رہے، کل معاملے پر سماعت کریں گے۔
۔ 50 سال کی عمر، پھر بھی ناپختگی‘ - سپریم کورٹ
عدالت نے دوران سماعت کارٹونسٹ ہیمنت مالویہ کی عمر پوچھی، جس پر وکیل گروور نے جواب دیا کہ ان کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے۔ بنچ نے کہا کہ اتنی عمر ہونے کے باوجود کوئی پختگی نہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ یہ پوسٹ اشتعال انگیز ہے۔
وکیل ورندا گروور نے عدالت سے درخواست ک کہ میرے موکل کو معاف کر دیا جائے، ہم عدالت میں تحریری معافی نامہ دیں گے اور پوسٹ بھی ڈیلیٹ کر دیں گے۔
عدالت نے اس پر کہا کہ ٹھیک ہے، ہم اس معاملے پر کل سماعت کریں گے۔