سدھو کے مشیر کی وزیراعلیٰ نے کی سخت سرزنش

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-08-2021
نوجوت سنگھ سدھو
نوجوت سنگھ سدھو

 

 

آواز دی وائس، چنڈی گڑھ

پنجاب کانگریس کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو کے مشیر پیارے لال گرگ اور مالوندر مالی کو وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے سخت سرزنش کی ہے۔

یہ ڈانٹ ڈپٹ مشیروں پر حساس قومی مسائل پر بیان بازی کی وجہ سے عائد کی گئی ہے۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ انہیں اپنے آپ کو صرف پنجاب کانگریس کے سربراہ کو مشورہ دینے تک محدود رکھنا چاہیے۔

ان مسائل پر کوئی بیان نہ دیں جن کے بارے میں آپ کو معلوم نہیں ہے اور خاص طور پر جب آپ کو یہ بھی معلوم نہ ہو کہ اس کے نتائج کیا ہو سکتے ہیں۔

کپتان نے اپنے ٹویٹ میں نوجوت سنگھ سدھو کو اپنے میڈیا ایڈوائزر روین ٹھکرال کے ذریعے ٹیگ کیا ہے۔

سدھو کے مشیر ڈاکٹر پیارے لال گرگ نے کیپٹن امریندر سنگھ کی پاکستان پر تنقید کے حوالے سے بیان دیا تھا کہ یہ پنجاب کے مفاد میں نہیں ہے۔

اس کے علاوہ مالویندر مالی نے کشمیر کے بارے میں بیان دیا تھا کہ اسے آزاد کیا جانا چاہیے۔

جس پر کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے، انہوں نے کشمیر اور پاکستان کے بارے میں بیان بازی کو ملک دشمن قرار دیا۔

انہوں نے سدھو سے کہا کہ وہ اپنے مشیروں کو روکیں۔ احتجاج کے باوجود بیان واپس نہیں لیا۔

کپتان نے کہا کہ مشیروں کے بیانات کانگریس کے پاکستان اور کشمیر کے موقف کے بالکل برعکس ہیں۔

کپتان نے مالی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات کی نہ صرف اپوزیشن پارٹی بلکہ کانگریس کے اندر سے بھی مخالفت کی گئی ، اس کے باوجود مالی نے اپنا بیان واپس نہیں لیا۔

کپتان نے کہا کہ سدھو کے مشیر زمینی حقیقت سے مکمل طور پر دور ہیں ، یہی وجہ ہے کہ وہ ایسی بیان بازی کر رہے ہیں۔