باجماعت نمازوں میں خواتین کی شرکت کے لئے مہم کا اعلان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2022
باجماعت نمازوں میں خواتین کی شرکت کے لئے مہم کا اعلان
باجماعت نمازوں میں خواتین کی شرکت کے لئے مہم کا اعلان

 

 

نئی دہلی. راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے منسلک مسلم راشٹریہ منچ، مسلم خواتین کو مساجد اور عید گاہوں میں نماز کی اجازت دینے کے لیے ایک مہم چلانے جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ہی منچ نے شادی کی کم از کم عمر طے کرنے کے لیے ملک گیر تحریک چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

دراصل مسلم راشٹریہ منچ کے بانی اور چیف سرپرست راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سینئر لیڈر اندریش کمار کی قیادت میں منچ کے کارکنوں نے اسمبلی انتخابات میں مسلم ووٹروں کو بی جے پی سے جوڑنے کی مہم چلائی تھی۔

اس دوران اندریش کمار کے علاوہ فورم سے وابستہ دوسرےرہنماؤں نے اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے تقریباً 40 اضلاع کا دورہ کیا اور مسلم کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی خواہشات کو سمجھنے کی کوشش کی۔

غازی آباد، میرٹھ، مظفر نگر، امروہہ، رام پور، سہارنپور، بریلی، بجنور، شاہجہاں پور، سنبھل، بہرائچ، کیرانہ، علی گڑھ، آگرہ، کانپور، لکھنؤ، فیض آباد، سہارنپور، گورکھپور، اعظم گڑھ، گونڈہ، بستی، سدھارتھ نگر، کشی نگر، دیوریا، دہرادون، ہریدوار سمیت مختلف اضلاع کے دوروں اور مسلمانوں سے ملاقات کی بنیاد پر، منچ نے محسوس کیا کہ ہندوستان کا مسلم معاشرہ طاقت کے ذریعے مسلط کردہ برائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا ہے۔

تین طلاق سے چھٹکارا پانے کے قانون نے اسے ایک راستہ دکھایا ہے۔ اس لیے منچ نے مسلم خواتین کو مساجداور عید گاہوں میں نمازباجماعت میں شرکت اور شادی کی کم از کم عمر مقرر کرنے کے مساوی حقوق پر ایک مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم راشٹریہ منچ کا دعویٰ ہے کہ وہ پورے ملک میں بیداری مہم اور عوامی تحریک کے ذریعے مسلم معاشرے کی بہتری اور تبدیلی کے لیے کام کرے گا۔

اس کے تحت فورم کے مختلف سیل،مسلم معاشرے کے مختلف طبقات کو ساتھ لے کر لائحہ عمل تیار کریں گے۔ یہ مہم پورے ملک میں چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران مفتیوں،علما، ائمہ مساجد اور طلبہ کے ساتھ ساتھ معاشرے کے دیگر بااثر لوگوں کی ذہن سازی کی جائے گی۔