کچھ شرائط کے ساتھ منعقد ہوگا گنگا ساگر میلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-01-2022
 کچھ شرائط کے ساتھ منعقد ہوگا گنگا ساگر میلہ
کچھ شرائط کے ساتھ منعقد ہوگا گنگا ساگر میلہ

 


آواز دی وائس، کولکاتہ

کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعہ کو ریاست مغربی بنگال میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان ریاستی حکومت کو اس سال کا گنگا ساگر میلہ منعقد کرنے کی اجازت دے دی۔ تاہم عدالت نے کچھ شرائط عائد کی ہیں۔

عدالت نے جمعرات کو ریاست میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان اس سال کے گنگا ساگر میلے کو منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

ہر سال مکر سنکرانتی پر لاکھوں ہندو عقیدت مند مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے ساگر جزیرے پر کپل مونی مندر میں مقدس ڈبکی لگانے اور پوجا کرنے آتے ہیں۔ اس سال یہ میلہ 8 جنوری سے 16 جنوری 2022 تک منعقد ہونے جا رہا ہے۔

چیف جسٹس پرکاش سریواستو اور جسٹس کیسانگ ڈوما بھوٹیا کی بنچ نے کہاکہ"مغربی بنگال کی ریاست کے ہوم سکریٹری 8 سے 16 جنوری 2022 کے درمیان ریاست میں روزناموں اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوام کے لیے ایک اشتہار جاری کریں گے۔

لوگوں کو بڑے پیمانے پر گنگا ساگر جزیرے کا دورہ کرنے کے خطرات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

عدالت نے جمعرات کو ریاستی حکومت کی طرف سے داخل کردہ حلف نامہ پر غور کیا۔ عدالت نے میلے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ریاستی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ایڈوکیٹ جنرل نے جمعرات کو عدالت کو مزید بتایا کہ ریاستی حکومت نے ضروری کورونا پروٹوکول کے بعد گنگا ساگر میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف جسٹس نے جمعرات کو میلے کے انعقاد کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک آزاد انکوائری باڈی بنانے کا عندیہ دیا تھا۔