کابینہ نے 10,783 کروڑ روپے کی تین ریلوے پروجیکٹوں کو منظوری دی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2026
کابینہ نے 10,783 کروڑ روپے کی تین ریلوے پروجیکٹوں کو منظوری دی
کابینہ نے 10,783 کروڑ روپے کی تین ریلوے پروجیکٹوں کو منظوری دی

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی (سی سی ای اے) نے بدھ کو ریلوے کی 10,783 کروڑ روپے کی لاگت والی تین ملٹی ٹریکنگ پروجیکٹوں کو منظوری دے دی۔ ان پروجیکٹوں میں کھڑگپور-جھارسوگوڑا سیکشن اور کٹنی-پیندرا روڈ سیکشن کے درمیان چوتھی ریلوے لائن، جبکہ بلاسپور (اسلّاپور)-پیندرا روڈ سیکشن کے درمیان تیسری لائن کی تعمیر شامل ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق، ان پروجیکٹوں سے ریلوے لائن کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، جس سے آمدورفت بہتر ہونے کے ساتھ آپریشنل کارکردگی اور خدمات کی قابلِ اعتماد فراہمی میں بھی بہتری آئے گی۔ اس سے ریل آپریشن زیادہ ہموار ہوگا اور بھیڑ بھاڑ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ تینوں پروجیکٹ مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے 14 اضلاع سے گزریں گے۔ ان کی تعمیر سے ہندوستانی ریلوے کے موجودہ نیٹ ورک میں تقریباً 656 کلومیٹر کا اضافہ ہوگا۔

حکومت نے کہا کہ مجوزہ ملٹی ٹریکنگ پروجیکٹوں سے تقریباً 4,790 گاؤں کو بہتر ریلوے رابطہ ملے گا، جہاں تقریباً 56 لاکھ افراد رہتے ہیں۔ ان پروجیکٹوں سے تارَتَرِنی مندر، شری کھیتر جگن ناتھ مندر، بندھوگڑھ ٹائیگر ریزرو، ویراتیشور مندر، امرکنٹک مندر، جوالیشور دھام، اچانک مار ٹائیگر ریزرو، کھٹا گھاٹ ڈیم، ملہار آثارِ قدیمہ کے مقام اور رتن پور مہامایا مندر جیسے اہم سیاحتی مقامات تک ریلوے رابطہ بہتر ہوگا۔

حکومت نے کہا کہ مجوزہ پروجیکٹ کوئلہ، سیمنٹ، لوہا اور اسٹیل جیسی اشیا کی نقل و حمل کے لیے اہم راستے ہیں۔ ریلوے کی گنجائش بڑھنے سے سالانہ 2.7 کروڑ ٹن اضافی مال ڈھلائی کی توقع ہے۔ حکومت نے ان پروجیکٹوں کے ماحولیاتی فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے تقریباً 12 کروڑ لیٹر تیل کی درآمد میں کمی اور 62 کروڑ کلوگرام کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آنے کا اندازہ ہے، جو 2.48 کروڑ درخت لگانے کے برابر ہوگا۔