نیپال میں ہنگاموں کے دوران ہندوستانی سیاحوں کی بس پر حملہ، متعدد زخمی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
نیپال میں ہنگاموں کے دوران  ہندوستانی  سیاحوں کی بس پر حملہ، متعدد زخمی
نیپال میں ہنگاموں کے دوران ہندوستانی سیاحوں کی بس پر حملہ، متعدد زخمی

 



مہراج گنج (اتر پردیش):کٹھمنڈو کے پشوپتیناتھ مندر سے واپس آنے والی ایک بھارتی سیاحوں کی بس پر نیپال میں جاری بدامنی کے دوران حملہ کیے جانے کا الزام ہے، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔ یہ دعویٰ بس ڈرائیور نے کیا ہے۔یہ مبینہ واقعہ 9 ستمبرکو سوناولی کے قریب انڈیا-نیپال سرحد پر پیش آیا، جب مشتعل مظاہرین نے 49 بھارتی مسافروں کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا۔ پتھراؤ سے بس کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور کئی مسافر زخمی ہوگئے، جن میں خواتین اور معمر افراد بھی شامل تھے۔

اطلاعات کے مطابق، زخمی مسافروں کو کٹھمنڈو کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا، جبکہ باقی مسافروں کو بھارتی سفارت خانے کی جانب سے نیپالی حکومت کے تعاون سے خصوصی طیارے کے ذریعے واپس بھارت لایا گیا۔سوناولی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بس ڈرائیور رامو نشاد نے کہاکہ ہم پشوپتیناتھ مندر کے درشن کرکے واپس آرہے تھے کہ اچانک ایک ہجوم نے بس کو گھیر لیا اور بلاوجہ حملہ کردیا۔ مسافروں میں خواتین اور بزرگ بھی موجود تھے، مگر مظاہرین نے کسی کی پرواہ نہیں کی۔"

ادھر نیپال میں جاری Gen Z نوجوانوں کی قیادت میں مظاہروںنے ملک میں سیاسی بحران کو مزید شدید کردیا ہے۔ مظاہرین نے جمعرات کو کہا کہ پارلیمنٹ تحلیل کی جائے اور آئین میں عوام کی خواہشات کے مطابق ترمیم کی جائے۔ مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 34تک پہنچ گئی ہے۔

Gen Z گروپ کے نمائندوں نے ایک پریس کانفرنس میں اپنے مؤقف کا اظہار کیا، جبکہ ان کے کچھ رہنما صدر رام چندر پاؤڈیل اور آرمی چیف اشوک راج سگڈیل سے فوجی ہیڈکوارٹر میں ملاقات کرکے موجودہ سیاسی بحران کے حل پر بات چیت میں مصروف رہے۔