نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اتر پردیش میں جائیدادوں کے انہدام کا سامنا کرنے والے دو درخواست گزاروں کو جمعرات کو ایک ہفتے کے لیے عبوری تحفظ فراہم کیا اور ہدایت دی کہ اس دوران فریقین جائیداد کی موجودہ حالت برقرار رکھیں۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے درخواست گزاروں سے کہا کہ وہ مناسب حکم کے لیے الہ آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں۔
درخواست گزاروں نے بتایا کہ ان کے رہائشی یا شادی ہال کمپلیکس کا جزوی انہدام پہلے ہی حکام کی طرف سے کیا جا چکا ہے۔ بنچ نے کہا کہ چونکہ جزوی طور پر انہدام پہلے ہی ہو چکا ہے، اس لیے وہ ایک ہفتے کے لیے عبوری تحفظ دے رہی ہے۔ بنچ نے کہا، “مندرجہ بالا حقائق پر غور کرتے ہوئے ہم آج سے ایک ہفتے کی مدت کے لیے عبوری تحفظ فراہم کرتے ہیں اور اس دوران فریقین جائیداد کی موجودہ حالت برقرار رکھیں گے۔”
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اس کی جانب سے دیا گیا عبوری تحفظ درخواست کی سماعت اور اس کی خوبی یا خامی کی بنیاد پر ہائی کورٹ میں دی جانے والی استدعا پر کوئی اثر نہیں ڈالے گا۔ بنچ نے یہ حکم اس درخواست پر سماعت کے دوران دیا جس میں حکام کو قانونی مناسب عمل کے بغیر درخواست گزاروں کی رہائشی یا شادی ہال کی تعمیرات کو مزید تباہ کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔
سماعت کے آغاز میں بنچ نے درخواست گزاروں کے وکیل سے پوچھا کہ انہوں نے پہلے سپریم کورٹ کا دروازہ کیوں کھٹکھٹایا اور الہ آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کیوں نہیں کھٹکھٹایا۔ وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے “بلڈوزر انصاف” کے مسئلے پر غور کیا تھا۔
بنچ نے کہا، “عدالت پہلے ہی مفصل فیصلہ دے چکی ہے۔ پھر ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں اور اس فیصلے کا فائدہ اٹھائیں۔ یہ کیا ہے؟ آپ کو ہر بار آرٹیکل 32 کا سہارا کیوں لینا پڑتا ہے؟” بنچ نے کہا، یہ نہیں ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ فوری سماعت پر غور نہیں کرتی۔ آپ کو اس کا ذکر کرنا ہوگا۔