نیٹ پیپر لیک معاملے میں ملزم کوچنگ سینٹر مالکان کی عمارتوں کو منہدم کیا جائے: سنجے شرسات
چھترپتی سمبھاجی نگر
مہاراشٹر کے وزیر اور شیو سینا رہنما سنجے شِرسات نے منگل کے روز کہا کہ نیٹ پیپر لیک کیس میں ملوث افراد کی ملکیت والی عمارتوں کو مسمار کر دینا چاہیے۔مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے لاتور میں رینوکائی کیمسٹری کلاسز (آر سی سی) چلانے والے شیوراج رگھوناتھ موٹگاؤںکر کو نیٹ-یو جی امتحان کے پیپر لیک کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس کیس میں اب تک دہلی، جے پور، گڑگاؤں، ناسک، پونے، لاتور اور اہلیانگر سے 10 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے شِرسات نے نیٹ کی تیاری کرانے والے کوچنگ اداروں کی جائیدادوں اور بڑے بڑے اشتہارات کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے اشتہارات کوئی بڑا سے بڑا لیڈر بھی نہیں کروا سکتا۔ لیکن اگر ہم کسی چھوٹے گاؤں میں جائیں تو وہاں کوچنگ کلاسز کے اشتہارات ملتے ہیں۔ یہ پیسہ طلبہ کی فیس سے آتا ہے۔ اس لیے صرف ملزمان کی گرفتاری کافی نہیں، ان کی جائیداد کی جانچ اور ضبطی بھی ہونی چاہیے۔
وزیر نے مزید کہا کہ گرفتار افراد کی ملکیت والی عمارتوں کو مسمار کر دینا چاہیے۔اپوزیشن کی جانب سے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا اندرونی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ ملزمان کے خلاف کارروائی ہو۔ نیٹ پیپر لیک کیس معمولی نہیں ہے، یہ 22 لاکھ طلبہ کے مستقبل کا سوال ہے۔ ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں۔ استعفیٰ دینا ہے یا نہیں، یہ حکومت اور پارٹی کا معاملہ ہے۔
سی بی آئی نے اس سے قبل کیمسٹری کے لیکچرر پی وی کلکرنی اور بایولوجی کی لیکچرر منیشا منڈھارے کو گرفتار کیا تھا۔ دونوں کی شناخت منیشا واگھمارے نامی ایک خاتون کے ذریعے ہوئی تھی جو اس وقت ایجنسی کی حراست میں ہے۔